برازیل کے صدارتی امیدوار ایڈیوراڈو کامپوس سانتوس میں طیارے کے حادثے میں 6 ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گئے جب کہ ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کے صدارتی امیدوار ایڈیوراڈو کامپوس اپنے مشیر، فوٹو گرافر، کیمرہ مین اور 2 پائلٹس کے ہمرا ایک چھوٹے طیارے میں دارالحکومت ریو ڈی جنیرو سے گواراجو جا رہے تھے کہ سانتوس شہر کے قریب ان کے طیارے کو حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جہاز فضا ہی میں شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا تھا جب کہ ماہرین نے طیارے کے حادثے کی وجہ خراب موسم بتائی ہے۔
برازیل کی صدر دلما روسیف نے اس ایڈیوراڈو کامپوس کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ دلما روسیف کا کہنا تھا کہ آج برازیل ایک ذہین اور نوجوان سیاستدان کے جدا ہونے پر سوگوار ہے، کامپوس کے سامنے ایک روشن مستقبل تھا۔
واضح رہے کہ ایڈیوراڈو کامپوس دلما روسیف کے حلیف تھے تاہم بعد میں انہوں نے رواں برس 4 اکتوبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں سوشلسٹ امیدوار کے طور پر اپنی مہم کا آغاز کیا۔ انتخابات سے قبل کئے جانے والے اندازوں کے مطابق ایڈیوراڈو کامپوس موجودہ صدر دلما روسیف اور ان کے قریب ترین حریف کے بعد تیسرے نمبر پر تھے۔