عوامی تحریک کا انقلاب مارچ طاہرالقادری کی قیادت میں اسلام آباد پہنچ گیا

اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان عوای تحریک کو آبپارہ میں جلسے کی اجازت دے دی


ویب ڈیسک August 15, 2014
انتظامیہ نے عوامی تحریک کو خیابان سہروردی میں دھرنے کی اجازت دی ہے،فوٹو: آن لائن

پاکستان عوامی تحریک کا انقلاب مارچ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں اسلام آباد پہنچ گیا جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد نے مارچ کے شرکا کا استقبال کیا۔

پاکستان عوامی تحریک کا انقلاب مارچ پنجاب حکومت کی جانب سے اجازت ملنے اور تمام رکاوٹیں ہٹائے جانے کے بعد ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں لاہور کے ماڈل ٹاؤن سے روانہ ہوا جس کے ساتھ کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مارچ کی روانگی کے موقع پر حکومت کی جانب سے ماڈل ٹاؤن سمیت لاہور کی مختلف شاہراہوں پر لگائے گئے کنٹینروں کو ہٹا لیا گیا جبکہ مارچ کے شرکا کو روکنے کے لیے پولیس کی نفری کو بھی پیچھے ہٹنے کا حکم دیا گیا۔

انقلاب مارچ کے شرکا ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں پنجاب کے مختلف شہروں سے ہوتے ہوئے براستہ جی ٹی روڈ اسلام پہنچے جبکہ مارچ کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں سے عوامی تحریک اور مسلم لیگ (ق) کے کارکنان نے بھی مارچ میں شمولیت اختیار کی۔ انقلاب مارچ کےدوران ڈاکٹر طاہرالقادری نے مختلف مقامات پر کارکنان سے خطاب بھی کیا۔ انقلاب مارچ کے شرکا بھرپور جوش خروش کے ساتھ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر موجود تھے اور پارٹی پرچم تھامے مختلف مقامات پر رک کر رقص بھی کرتے رہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں انقلاب مارچ کے ہزاروں شرکا دو دن کے طویل سفر کے بعد جمعہ کو رات گئے اسلام آباد پہنچے جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکا کا استقبال کیا۔

انقلاب مارچ کا 150 گاڑیوں پر مشتمل پہلا قافلہ اسلام آباد کے ٹول پلازہ پہنچا جبکہ دیگر کارکنان نے زیرو پوائنٹ پر پہنچنا شروع کردیا۔ اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث ڈاکٹر طاہرالقادری کے قافلے کو سوہاوا کے قریب روک لیا گیا جس کے باعث وہ تاخیر سے اسلام آباد پہنچے۔

دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان عوای تحریک کو آبپارہ میں جلسے کی اجازت دے دی ہے، انتظامیہ نے عوامی تحریک کو خیابان سہروردی میں دھرنے کی اجازت دی ہے جبکہ عوامی تحریک کی جانب سے انتظامیہ کو ریڈ زون میں داخل نہ ہونے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں