فلم ریویو جینا ہے تو ٹھوک ڈال

ریلیز سے پہلے ہی یہ فلم ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بن چکی تھی۔


Mim Ain September 25, 2012
ریلیز سے پہلے ہی یہ فلم ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بن چکی تھی۔ فوٹو : ایکسپریس

بولی وڈ میں انڈرورلڈ پر متعدد فلمیں بنائی گئیں ان میں سے کچھ کام یاب رہیں جب کہ کچھ ناظرین کی توجہ حاصل نہ کرسکیں۔'' جینا ہے تو ٹھوک ڈال'' کا شمار بھی مؤخرالذکر قسم کی فلموں میں ہوتا ہے۔

اس فلم کے ڈائریکٹر منیش وتسالیہ ہیں جب کہ مرکزی اداکاروں میں روی کشن، منیش وتسالیہ، یشپال شرما، راہول کمار، پوجا ویلنگ اور ہیزل کراؤنی شامل ہیں۔

ریلیز سے پہلے ہی یہ فلم ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بن چکی تھی۔ انتہا پسند ہندو تنظیم، وشوا ہندو پریشد نے اس فلم کی کہانی اور اس کے ایک گیت کے بولوں پر اعتراض کیا تھا۔

عام طور پر ریلیز سے پہلے میڈیا میں جگہ حاصل کرنے والی فلمیں باکس آفس پر بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہیں، بلکہ فلم سازوں کی تو کوشش ہوتی ہے کہ ان کی فلم کسی تنازعے کا شکار ہو تا کہ اسے پبلسٹی ملے، مگر یہ فلم تنازعے کا شکار ہونے کے باوجود بھی ناظرین کی توجہ حاصل نہیں کرپائے گی۔

اس کی وجہ ڈائریکٹر منیش وتسالیہ کی غیرمعیاری ہدایت کاری ہے۔ منیش کا تعلق بہار سے ہے اور اس فلم کی کہانی بھی چار ایسے بہاری افراد کے متعلق ہے جو انڈرولڈ میں نام کمانے کے لیے ممبئی کا رخ کرتے ہیں۔'' جینا ہے تو ٹھوک ڈال'' میں بہاریوں کو منفی انداز میں دکھایا گیا ہے۔

ہتھیاروں کا سوداگر رانا سکسینا اپنے دشمن اور میڈیا ٹائیکون، پوار نام دیو سے بدلہ لینا چاہتا ہے۔

اس مقصد کے لیے وہ پوارکی بیٹی سرشتی ( ہیزل کراؤنی) کو قتل کروانا چاہتا ہے۔ یہ کام وہ ان چاروں کے سپرد کرتا ہے۔ حسن اتفاق سے پوار اپنی بیٹی کی حفاظت کے لیے ان چاروں کی خدمات حاصل کرلیتا ہے۔

اب یہ سرشتی کے محافظ بھی ہوتے ہیں اور اسے قتل بھی کرنا چاہتے ہیں۔ اس دوران چندربھان عرف چندرو ( روی کشن) سرشتی کی محبت میں گرفتار ہوجاتا ہے اور ان چاروں دوستوں میں پھوٹ پڑجاتی ہے۔

منیش اگر اس فلم کی کہانی اور اپنی ڈائریکشن پر تھوڑی سی توجہ دیتے تو '' جینا ہے تو ٹھوک ڈال'' اچھی فلم بن سکتی تھی۔ اس فلم میں غیرشائستہ الفاظ کا بھی جا بہ جا استعمال کیا گیا ہے جو سنجیدہ فلم بیں کو گراں گزرتا ہے۔

'' جینا ہے تو ٹھوک ڈال'' کی کاسٹ میں کوئی نام وَر اداکار شامل نہیں۔ ہندی فلموں کے ناظرین صرف روی کشن سے واقف ہیں جسے وہ شیام بینیگل کی چند فلموں میں دیکھ چکے ہیں۔

البتہ جنوبی ہندوستان کی فلم نگری کا وہ معروف اداکار ہے۔ تاہم اس فلم میں اس کی اداکاری واجبی رہی ہے۔ اسی طرح منیش دیگر اداکاروں سے بھی ان کی صلاحیت کے مطابق کام نہیں لے سکا۔ نئی اداکارہ ہیزل کراؤنی اور پوجا ویلنگ کی ادکاری بھی برائے نام رہی۔ دراصل ان کے کردار بھی کم زور تھے اور ان کے لیے ان کرداروں میں پرفارمینس دکھانے کے کوئی مواقع نہیں تھے۔ مجموعی طور پر '' جینا ہے تو ٹھوک ڈال'' غیرمعیاری فلم ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں