عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں تیسرے دن مزید کمی ریکارڈ کی گئی۔
عالمی مارکیٹ میں وسیع پیمانے پر منافع کے حصول پر رحجان برقرار رہنے کے باعث سونے اور چاندی کی قیمتوں میں پیر کو تیسرے دن بھی بڑی نوعیت کی کمی کا تسلسل برقرار ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت مزید 215ڈالر کی بڑی نوعیت کی کمی سے 4ہزار 676 ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی پیر کو فی تولہ سونے کی قیمت مزید 21ہزار 500روپے کی بڑی نوعیت کمی واقع ہوئی ہے۔
نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت مزید گھٹ کر 4لاکھ 90ہزار 362روپے کی سطح پر آگئی اور اسی طرح فی 10گرام سونے کی قیمت بھی 18ہزار 433روپے کی کمی سے 4لاکھ 20ہزار 406روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
تین روز کے دوران عالمی سطح پر فی اونس سونے کی قیمت 826 ڈالر گھٹ گئی ہے جبکہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 82ہزار 500 روپے کی بڑی نوعیت کی کمی واقع ہوچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی سطح پر سونے اور تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی۔
اسی طرح عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت بھی مزید 6ڈالر 01سینٹ کی کمی سے 79ڈالر 30سینٹ کی سطح پر آنے سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ چاندی کی قیمت 1ہزار 601روپے کی کمی سے 8ہزار 405روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی 516روپے کی کمی سے 7ہزار 205روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ، جیوپولیٹیکل صورتحال امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار رہنے اور فیڈرل ریزرو امریکا کی جانب سے پالیسی ریٹ میں ردوبدل ہیں جو دنیا بھر میں سونا چاندی کی قیمتوں پر اثرانداز ہیں۔