اسلام آباد انتظامیہ نے ترلائی میں قائم خدیجہ الکبریٰ امام بارگاہ کی تعمیر و مرمت کے کام کا آغاز کردیا جس کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ڈی سی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ پمز اسپتال کا دورہ کیا جہاں زخمیوں کی عیادت اور خیریت دریافت کی جبکہ اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ترلائی امام بارگاہ خودکش بم حملے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمی مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائینگی۔
بعد ازاں چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے نے ڈی سی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ ترلائی امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ کا بھی دورہ کر کے انتظامیہ کی جانب سے امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ کی تعمیر و مرمت کے کاموں کا جائزہ لیا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے امام بارگاہ کے تعمیر و مرمت کے کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے دھماکے کے شہداء کیلئے مغفرت اور بلند درجات کیلئے خصوصی دعا کی اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نماز جمعہ کے دوران ہونے والے بزدلانہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔
محمد علی رندھاوا نے کہا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا انسانیت، امن اور مذہبی ہم آہنگی پر کھلا حملہ ہے، ہم اس اندوہناک واقعے میں شہید ہونے والے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے و چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ اس مشکل اور کٹھن گھڑی میں انکے غم میں برابر کے شریک ہیں، زخمی افراد کی جلد صحتیابی کیلئے بارگاہِ الٰہی میں دعا گو ہیں۔
محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد میں مستقبل میں ایسے ناخوش گوار واقعات کی روک تھام کیلئے سیکیورٹی کے بھرپور اقدامات شروع کردیے ہیں۔