بی سی بی صدر اور آئی سی سی وفد کی محسن نقوی سے ملاقات، پاک بھارت میچ کے متعلق اہم پیشرفت متوقع

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ سے متعلق اگلے چند گھنٹوں میں بڑی پیش رفت کا امکان ہے


ویب ڈیسک February 08, 2026

لاہور:

بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام اور آئی سی سی وفد کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقت جاری ہے اور آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ سے متعلق اگلے چند گھنٹوں میں بڑی پیش رفت کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام اور آئی سی سی کا مصالحتی وفد پاکستان پہنچ گیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی وفد کا استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کے ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والی ملاقات میں چئیرمین پی سی بی محسن نقوی آئی سی سی وفد کے سامنے بھارت سے میچ کھیلنے کےلیے کڑی شرائط رکھیں گے جبکہ بنگلا دیش کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کے باوجود مکمل مالی اعانت کرنے کی بھی شرط رکھی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق بنگلا دیش کو آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی پر بھی بات ہوگی۔ میرٹ اور برابری کی سطح پر آئی سی سی کو معاملات یقینی بنانے پر بھی پی سی بی زور دے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ سے ہونے والی آمدن کا شیئر بڑھانے پر بھی پی سی بی بات کرے گا جبکہ دو طرفہ سیریز کی بحالی سمیت دیگر امورز پر بات ہوگی،آئی سی سی کے شرائط پر آمادگی کی صورت میں پی سی بی وزیراعظم سے مشاورت کے بعد میچ کھیلنے کا فیصلہ کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ بھی ملاقات میں موجود ہیں، پی سی بی اور آئی سی سی حکام کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، آئی سی سی نے ڈپٹی چئیرمین عمران خواجہ کو پاکستان بھارت میچ کا ٹاسک سونپ رکھا ہے۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر امین الاسلام نے لاہور میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی اور ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت میں نہ کھیلنے کے معاملے پر بنگلادیش کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد امین الاسلام شام کے وقت ڈھاکا واپس روانہ ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش نے ہندو انتہاپسندوں کی دھمکیوں اور سکیورٹی خدشات کے باعث اپنے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں کرانے کی درخواست کی تھی جسے بھارت نواز آئی سی سی نے مسترد کرکے بنگلادیش کو ٹورنامنٹ سے ہی باہر کردیا اور اُس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرلیا تھا۔

اس فیصلے کیخلاف پاکستان نے بنگلا دیش کے ساتھ مکمل یکجہتی کرتے ہوئے اپنا سخت احتجاج ریکارڈ کرایا اور بطور احتجاج 15 فروری کو بھارت کے ساتھ ہونے والے گروپ میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

مقبول خبریں