پشاور:
زرعی یونیورسٹی پشاور میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب ہلڑبازی کا شکار ہوگئی، عمران خان کے حق میں نعرے لگ گئے، وفاقی وزیر امیر مقام تقریب چھوڑ کر چلے گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق زرعی یونیورسٹی پشاور میدان جنگ میں تبدیل ہوگئی، یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران ہلڑ بازی ہوئی، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حق میں نعرے لگے۔
تقریب میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن اور مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن آمنے سامنے آگئیں، آئی ایس ایف کے طلبہ نے جیوے بانی چیئرمین کے نعرے لگائے جواب میں ایم ایس ایف امیر مقام زندہ باد کے بھی نعرے لگے۔
امیر مقام اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے وہ یہ تقریب چھوڑ کر روانہ ہوگئے، آئی ایس ایف کے اسٹوڈنٹس نے امیر مقام کی گاڑی کو روکنے کی بھی کوشش کی۔
دوسری جانب ن لیگ کے صوبائی ترجمان رحمت سلام خٹک نے کہا ہے کہ لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں جھوٹی اور گمراہ کن ہیں، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے شیڈول کے مطابق لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب کامیابی سے مکمل کی۔
رحمت سلام خٹک نے کہا کہ انجینئر امیر مقام زرعی یونیورسٹی پشاور میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے اور تقریب مکمل کرنے کے بعد باوقار انداز میں روانہ ہوئے، جعلی سوشل میڈیا پروپیگنڈے کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا ہے، ہم اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی پشاور میں لیپ ٹاپ تقسیم تقریب کے دوران آئی ایس ایف کی ہلڑ بازی قابلِ افسوس ہے، غیر ذمہ دارانہ ، من گھڑت اور اشتعال انگیز بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ایم ایس ایف کے کارکنان نے جواب میں جمہوری انداز میں نعرے لگائے، تعلیمی اداروں میں انتشار پھیلانے کی کسی بھی سازش اور کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔