کراچی منتقل ہونے پر صبا قمر کا استغفر اللہ کہنا، جویریہ عباسی نے آڑے ہاتھوں لے لیا

صبا قمر نے بھی جویریہ عباسی کے بیان پر وضاحت دیدی 


ویب ڈیسک February 10, 2026
صبا قمر نے جویریہ عباسی کی تنقید پر وضاحت دیدی

صبا قمر کے مستقل طور پر کراچی منتقلی پر دیا گیا بیان اب بھی شوبز کی دنیا میں زیر بحث ہے جس پر اب تک  تنقید اور پھر جواب در جواب کا سلسلہ جاری ہے۔

معروف میزبان اور مزاحیہ اداکار احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں اس بار مہمان جویریہ عباسی تھیں جو اپنی دلکشی اور منجھی ہوئی اداکاری کے باعث کافی شہرت رکھتی ہیں۔

احمد علی بٹ سے گفتگو میں جویریہ عباسی نے ساتھی اداکارہ صباقمر کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہر جس نے آپ کو شہرت دی، اس کا احترام کرنا چاہیے۔ اس طرح کے جملے مناسب نہیں ہیں۔

جویریہ عباسی نے کہا کہ ہر شخص کو اپنے شہر سے دلی لگاؤ ہوتا ہے اور وہ دنیا میں کہیں بھی بس جائے اس کے دل میں اس کا آبائی علاقہ ہمیشہ زندہ رہتا ہے جس کے خلاف وہ نہ کوئی بات کرتا ہے اور نہ سنتا ہے۔

جویریہ عباسی کے انٹرویو کا یہ کلپ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور ایک بار پھر کراچی کی حمایت اور مخالفت میں بحث چھڑ گئی۔

اسی دوران اداکارہ صبا قمر نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی جس میں وضاحت کی گئی کہ استغفراللہ ایک جملہ ہے جو اللہ سے معافی مانگنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ لوگوں نے میری بات کو غلط سمجھا۔

صبا قمر نے ایک پوسٹ میں زور دیا کہ ہر کسی کو اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے۔ آزادی اظہار رائے اہم ہے اور کسی کو خوف یا پابندی کی وجہ سے اپنے خیالات چھپانے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔

یاد رہے کہ یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا تھا جب ایک انٹرویو میں  صبا قمر نے کراچی منتقل ہونے کے سوال پر برملہ جواب دیا تھا کہ استغفراللہ ۔۔

یہ الفاظ کراچی کے رہائشیوں کو نہایت ناگوار گزرے تھے اور اُس وقت بھی صبا قمر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

 

مقبول خبریں