اپوزیشن لیڈر کا پاک فوج پر حالیہ بیان انتہائی افسوسناک اور جھوٹ پر مبنی ہے، سیکیورٹی ذرائع

پاکستان کے اندر تمام اسپانسرڈ دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، سیکیورٹی ذرائع


عامر الیاس رانا February 11, 2026

اسلام آباد:

سیکیورٹی ذرائع نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے پاک فوج کے حوالے سے حالیہ بیان کو انتہائی افسوس ناک اور جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست سے فوج کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

لاہور میں میڈیا نمائندگان سے سیکیورٹی عہدیدار نے ذرائع کی ملاقات کی اور کہا کہ پاکستان میں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی فورسز، فوج، پولیس یا ایف سی کی جنگ نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد سے مشروط ہے، پاکستان کے اندر تمام اسپانسرڈ دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔

اسلام آباد میں حالیہ خودکش دھماکے سے متعلق سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ حالیہ ترلائی امام بارگاہ کے حملہ آور کو دہشت گردی کے حملے کی تربیت افغانستان نے دی، بیرونی اور اندرونی سازشی عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں ناگزیر ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آپ کی کوئی بھی سیاسی یا مذہبی سوچ ہو، اس سے فرق نہیں پڑتا البتہ دہشت گردی کے خلاف ہمیں متحد ہونا ہے، ہمیں قومیت، لسانیت یا صوبائیت کی بنیاد پر ہر گز تقسیم نہیں ہونا بلکہ متحد رہ کر تمام فتنوں کا خاتمہ کرنا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ فتنۃ الہندوستان درحقیقت بلوچ عوام اور بلوچستان کی ترقی کا دشمن ہے، تین سال قبل 15 سے 20 ملین لیٹر ایرانی پیٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ ہوتی تھی، جو اب ختم ہوچکی ہے، اسمگلنگ کا پیسہ دہشت گردی کی کاروائیوں میں استعمال ہوتا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ گڈ گورننس ہی ایک واحد ذریعہ ہے جو دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرسکتی ہے، احساس محرومی کے نعرے کی آڑ میں دہشت گردی کرنے والے دہشت گردوں کو بلوچستان کے عوام پہچان چکی ہے۔

خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے کہا گیا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے بھی نیشنل ایکشن پلان ہی کنجی ہے، اس سلسلے میں خیبرپختونخواہ میں کی جانے والی حالیہ ملاقاتیں خوش آئند ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ جس طرح ہم نے معرکہ حق میں متحد ہو کر  بھارت کو شکست دی اسی طرح ہم دہشت گردوں کو بھی شکست دیں گے،  تعلیمی اداروں کے دوروں سے یہ بات مزید واضح ہوتی ہے کہ پاکستان کے عوام خصوصاً نوجوان نسل پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

سیکیورٹی عہدیدار نے بتایا کہ کوئی بیانیہ فوج اور عوام کے رشتے کو کمزور نہیں کر سکتا، ہمارا بیانیہ صرف پاکستان ہے، اپوزیشن لیڈر کا پاک فوج پر حالیہ بیان انتہائی افسوس ناک اور جھوٹ پر مبنی ہے، بات چیت تمام سیاسی جماعتوں کا استحقاق ہے، سیاست سے فوج کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ قانونی اور کورٹ کیسز اور اس سے جڑے تمام معاملات کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق عدالتوں کو کرنا ہے۔

مقبول خبریں