صدر مملکت اور وزیراعظم کی بنگلادیش میں انتخابی کامیابی پر نئی قیادت کو مبارکباد، تعاون کا عزم

انتخابات کے کامیاب انعقاد پر بنگلادیش کے عوام بھی مبارک باد کے مستحق ہیں، وزیراعظم کا نیک خواہشات کا اظہار


ویب ڈیسک February 13, 2026

اسلام آباد:

صدر مملکت اور وزیراعظم نے بنگلادیش میں انتخابات میں کامیابی پر نئی قیادت کو مبارک باد دیتے ہوئے تعاون کا عزم کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  صدر آصف علی زرداری نے  بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کی بھاری ووٹوں سے انتخابی کامیابی پر طارق رحمان کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے بنگلادیش کے عوام کو بھی کامیاب اور پُرامن انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

آصف زرداری نے اپنے پیغام میں پاکستان کی جانب سے بنگلا دیش کے ساتھ مضبوط جمہوری شراکت داری اور مشترکہ ترقی کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے طارق الرحمن کو بنگلا دیش کے پارلیمانی انتخابات میں بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کی شاندار کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

انہوں نے بنگلا دیش کے عوام کو بھی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ بنگلا دیش کی نئی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون کے خواہاں ہیں تاکہ تاریخی، برادرانہ اور ہمہ جہتی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور جنوبی ایشیا و اس سے باہر امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھایا جا سکے۔

مقبول خبریں