جب میڈیا سے ٹھن گئی

فلم انڈسٹری کے اکثروبیشتر اسٹار صحافیوں اور پریس فوٹو گرافر سے نالاں رہتے ہیں

شوبز اور میڈیا ایک دوسرے کے لیے لازم وملزوم سمجھے جاتے ہیں اور ایک دوسرے کے بنا ادھورے ہیں۔ ۔ فوٹو: فائل

کہا جاتا ہے کہ شوبز اور میڈیا کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ یہ دونوں ایک دوسرے کے لیے لازم وملزوم سمجھے جاتے ہیں اور ایک دوسرے کے بنا ادھورے ہیں۔

اخبارات اور ٹی وی چینلوں کے ذریعے شوبز کی چٹ پٹی اور مسالے دار خبریں جاننے کے لیے ہر کوئی بے چین رہتا ہے۔ دنیا بھر میں خاص طور سے ہالی وڈ میں میڈیا شوبز اسٹارز کی پرسنل لائف میں اس حد تک مداخلت کرتا ہے کہ اسٹارز اس سے چھپ کر زندگی گزارنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ بولی وڈ میں بھی ہوتا ہے، جہاں سپراسٹارز کی ہر موومنٹ پر نہ صرف نظر رکھی جاتی ہے بلکہ اسٹارز نے کسی بھی شو میں کیا کہا اس بات کو جاننے کی بھی میڈیا کو جلدی رہتی ہے۔

چناں چہ فلم انڈسٹری کے اکثروبیشتر اسٹار صحافیوں اور پریس فوٹو گرافر سے نالاں رہتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اکثر جرنلسٹ باتوں کو اپنے انداز میں توڑ موڑ کر نہ صرف پیش کوتے ہیں بلکہ کسی بھی بات کو اپنے طریقے سے بڑھا چڑھا کر بھی مختلف انداز میں بیان کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے اب اسٹارز انٹرویو دیتے ہوئے اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے خاص طور پر بہت محتاط رہتے ہیں۔ اس مضمون میں بولی وڈ کے چند ایسے اسٹارز کا ذکر کیا گیا ہے جو میڈیا سے خائف اور ناراض رہتے ہیں۔

سونم کپور

بین الاقوامی شہرت کے اداکار انیل کپور کی بڑی بیٹی سونم کپور کا شمار ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو اپنے منہ پھٹ انداز کی وجہ سے خاصی مشہور ہیں۔ سونم کو ایک کام یاب اداکارہ نہیں کہا جاسکتا، کیوں کہ باکس آفس پر اس کی کوئی بھی فلم دھماکا نہیں کرپائی ہے، حالاں کہ اس نے اب تک جتناکام بھی کیا اسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔



اس کی فلموں میں سانوریا، آئشہ، دہلی 6، آئی ہیٹ لو اسٹوری، بے وقوفیاں، بھاگ مکا سنگھ بھاگ، پلئیرز اور موسم شامل ہیں۔ ان تمام فلموں میں سونم کے کردار زبردست رہے، لیکن ان میں سے کوئی بھی فلم دھوم نہ مچاسکی۔ ایک پریس کانفرنس میں اسی موضوع پر ایک صحافی کی طرف سے کیے گئے اس سوال سونم کو چراغ پا کردیا کہ آپ ابھی تک باکس آفس پر ایک ناکام اداکارہ تصور کی جاتی ہیں اس کی کیا وجہ ہے۔ اس نے کسی کا بھی لحاظ نہ کرتے ہوئے اپنے مخصوص انداز میں صحافی کو خوب سنائیں۔

''کافی ودھ کرن'' میں جب کرن کی جانب سے سونم سے پوچھا گیا کہ شاہد کپور کے ساتھ آپ کی بہترین فلم موسم کے فلاپ ہونے کی وجہ یہ تو نہیں کہ آپ ایک ناکا م اداکارہ ہیں، تو وہ برا مان گئی تھی۔

روینہ ٹنڈن

فلم انڈسٹری میں مست مست گرل کے نام سے شہرت پانے والی روینہ ٹنڈن کو ایک اچھی اور کام یاب اداکارہ مانا جاتا ہے، کیوںکہ اس نے چند بامعنی فلموں میں کام کیا، بلکہ اس کی کچھ فلموں جیسے پتھر کے پھول، انداز اپنا اپنا، دل والے، مہرہ، میں کھلاڑی تو اناڑی، آنٹی نمبر ون اور گھر والی باہر والی کا شمار کام یاب فلموں میں کیا جاتا ہے۔ ایک میگزین کے لیے کرائے گئے ناقابل اعتراض فوٹو شوٹ کے حوالے سے صحافیوں کی جانب سے ایک پریس کانفرنس میں تابڑ توڑ سوالات پوچھنے پر روینہ غصے میں آگئی اور اس نے صحافیوں پر نہ صرف چیخنا چلانا شروع کردیا بلکہ گالم گلوچ بھی کی، جس کی وجہ سے صحافیوں نے اس کا بائیکاٹ کردیا تھا ۔

پریتی زنٹا



ایک لمبے عرصے سے بولی وڈ کی یہ شوخ اور چنچل اداکارہ سلور اسکرین سے غائب ہے۔ اسکرین یا خبروں میں اس کی انٹری صرف آئی پی ایل تک محدود رہتی ہے۔ فلموں سے طویل دوری کے بعد جب پریتی نے فلم لو ان پیرس فلم میں کام کیا تو سب ہی کو اس کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار تھا لیکن فلم کے ڈائریکٹر پریم سونی اپنے ہارٹ پرابلم کی بنا پر ہاسپٹل میں ایڈمٹ ہوگئے اور یوں فلم کی ریلیز کا معاملہ التواء کا شکار ہوتا گیا۔ اسی لیے جب بھی کبھی کسی صحافی کی جانب سے یہ سوال کیا جاتا کہ اس کی فلم لو ان پیرس کب ریلیز ہو گی تو وہ چراغ پا ہوجاتی اور سوال کرنے والے کو بے نقط سناتی۔

سلمان خان



بولی وڈ کا سب سے زیادہ تنازعات کا شکار رہنے والا اسٹار سلمان خان کبھی بھی میڈیا سے خوش نہیں رہا ہے اور شاید میڈیا والے بھی اکثر اس سے ناراض رہتے ہیں۔ سلمان کا ہمیشہ سے یہ ہی کہنا ہے کہ میڈیا والے اس کی پرسنل لائف کے بارے میں جاننے کے لیے بے چین رہتے ہیں اور یہ بات اسے پسند نہیں۔ فلم جے ہو کی پرموشن کے لیے جب ایک پریس کانفرنس میں کرینہ سے یہ پوچھا گیا کہ سلمان کے حوالے سے کترینہ کیف کیا آپ کی بھابی ہیں تو اس سوال پر سلمان کا موڈ بہت خراب ہوگیا۔ اس نے نہ صرف کانفرنس ختم کردی بلکہ اس صحافی کو بھی بیت بر بھلا کہا۔ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے، سلمان اور میڈیا کے درمیان ہر روز ایک نیا تنازعہ جنم لیتا ہے۔

شاہ رخ خان

میڈیا کے ساتھ شاہ رخ خان کے تعلقات سے سب ہی آگاہ ہیں اور سب ہی جانتے ہیں کہ شاہ رخ میڈیا کے سامنے خود کو کتنا کمپوزڈ اور ریزرو رکھتے ہیں۔ خاص طور سے پرنٹ میڈیا کے سامنے وہ بہت نپے تلے انداز میں سوچ سمجھ کر گفتگو کرتے ہیں۔ شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ فلم انڈسٹری کا حصہ ہوتے ہوئے وہ اس میڈیا کی ہوشیاریوں سے بہ خوبی واقف ہیں۔ فلم ڈان میں پریانکا کے ساتھ جوڑی کو ان میڈیا والوں ہی نے غلط رنگ دیا تھا اور یہ بات پھیلا ئی گئی تھی کہ ان دونوں کے درمیان کچھ کچھ نہ ضرور ہے۔



حالاں کہ سب ہی جانتے ہیں کہ شاہ رخ کا اتنے طویل فلمی کیریر میں کبھی کسی ہیروئین سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا۔ فلم جب تک ہے جان کی پریس کانفرنس میں، جس میں شاہ رخ کے ساتھ انوشکا شرما اور کترینہ کیف بھی موجود تھیں، ایک رپورٹر نے شاہ رخ سے کہا کہ وہ کچھ سنجیدہ قسم کے سوالات پوچھنا چاہتا ہے، جس پر شاہ رخ نے کہا ضرور۔ اور جب اس نے غیر مہذبانہ قسم کے سوالات پوچھنا شروع کیے تو شاہ رخ کا انتہائی ضبط کے باوجود ٹیمپر لوز ہوگیا اور پھر اس رپورٹر کو شاہ رخ نے خوب سنائیں۔

ایشوریا رائے بچن




ایک پریس میٹنگ میں سابق مس ورلڈ سے جب شاہ رخ خان اور امیتابھ بچن کے درمیان تعلقات کے بارے میں کسی میڈیا پرسن کی جانب سے یہ سوال کیا گیا کہ ان دونوں میں بولی وڈ کا حقیقی سپر اسٹار کون ہے؟ اور کیا ان دونوں اسٹارز کے درمیان کوئی سرد جنگ چل رہی ہے؟ تو اس سوال پر ایشوریا نے بہت برا مانا اور سب ہی رپورٹرز کی خبر لی اور کہا کہ یہ سب کنٹروورسی آپ لوگوں یعنی میڈیا والوں کی ہی پھیلائی ہوئی ہے، ان دونوں کے تعلقات بہت شان دار ہیں۔

دھرمیندر



فلم انڈسٹری کے پنجابی سپوت دھرمیندر پریس اور میڈیا والوں سے دور دور ہی رہتے ہیں۔ یہ روش ان کے دونوں بیٹوں سنی اور بوبی دیول نے بھی اپنائی ہوئی ہے۔ کچھ عرصہ پہلے دھرمیندر اور ہیمامالنی کی بیٹی ایشا دیول کی شادی کے موقع پر مدعو ایک رپورٹر نے جب دھرمیندر سے ایشا کے دونوں سوتیلے بھائیوں کی غیرموجودگی کی وجہ جاننا چاہی تو دھرمیندر کو خوب غصہ آیا اور نہ صرف اس رپورٹر کو بے بھائو کی سنائیں بلکہ اس کو وہاں سے نکلوا بھی دیا۔

جیا بچن



جیہ بچن اور میڈیا کی کبھی نہیں بنی۔ جیا کو کسی بھی بات پر غصہ آسکتا ہے اور وہ صحافی کے کسی بھی سوال کا برا مان سکتی ہیں۔ ایک تقریب کے موقع پر جب ایک رپورٹر کی جانب سے ان سے امیتابھ کی صحت کے بارے میں پوچھا گیا کہ کیا امیتابھ کو کینسر ہے؟ اس سوال پر جیا چراغ پا ہوگئیں اور اس رپورٹر کو اس تقریب سے نکلوا دیا۔

شردھا کپور

ایک فوٹو گرافر کو فوٹو شوٹ کے لیے شردھا جب گھنٹوں انتظار کرانے کے بعد پہنچی تو تمام میڈیا پرسنز نے اس کا بائیکاٹ کردیا اور عاشقی ٹو کی پرموشن کی کوریج کرنے سے منع کردیا، لیکن جب شردھا نے معافی مانگی تب ایک پریس کانفرنس کی گئی، جس میں شردھا کے اس رویے کے بارے میں ایک رپورٹر کی جانب سے پے درپے سوالات کرنے پر شردھا نے اس رپورٹر کو سب کے سامنے خوب بر بھلا کہا۔

رنبیر کپور



رنبیر کپور فلم انڈسٹری میں اپنے شوخ اور مزاحیہ انداز کی بدولت پسند کیا جاتا ہے اور وہ کسی سے الجھنے کی کوشش بھی نہیں کرتا لیکن جب بات اصول کی ہو تب رنبیر کسی کی بھی نہیں سنتے۔ ایک نجی پارٹی میں مدعو رنبیر کے منع کرنے کے باوجود ایک سر پھرے فوٹو گرافر نے اس کی تصاویر لیں تب رنبیر کو غصہ آگیا اور اس نے اس فوٹو گرافر کا کیمرا لے کر توڑ دیا۔

ارجن رام پال



فلم انڈسٹری میں ہر قسم کے اسکینڈل سے دور رہنے والے ارجن رام پال نے بہ حیثیت اداکار اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے۔ خاص طور سے شاہ رخ خان کی فلموں اوم شانتی اوم، ڈان اور راون میں ولین کے منفرد کرداروں نے ارجن کو ایک اچھا اداکار ثابت کیا ہے۔ راون کی کام یابی کے بعد جب وہ اور شاہ رخ خان ایک گاڑی میں سفر کررہے تھے، تب ایک پریس فوٹوگرافر نے ان کا پیچھا کرنا شروع کردیا اور ان دونوں کی چند تصاویر لینے کی کوشش کی جس پر ارجن نے اس فوٹو گرافر کی خوب خبر لی۔

سنجے دت

سنجے دت انتہائی ٹھنڈے اور دھیمے مزاج کا انسان ہے، حالاںکہ شوبز کے کیریر میں جتنی مشکلات کا سامنا اس نے کیا ہے وہ شاید انڈسٹری میں کسی نے بھی نہیں کیا۔ اس کے با وجود تلخی اس کے مزاج کا حصہ نہیں بن پائی لیکن پریس فوٹو گرافر اور صحافیوں سے سنجے کی بہت کم ہی بنتی ہے، کیوںکہ بہت دفعہ منع کرنے کے باوجود فوٹو گرافر اس کی تصاویر لینے کی کوشش کرتے ہیں، جس پر سنجو بابا کی اکثر ان سے تلخ کلامی ہوتی رہتی ہے۔

کترینہ کیف



کترینہ کیف کو میڈیا سے اکثر شکایت رہتی ہے کہ وہ اس کی ذاتی زندگی میں بہت زیادہ مداخلت کرتے ہیں۔ اس بار بھی ایسا ہی ہوا جب چھٹیوں کے دوران رنبیر کپور کے ساتھ اس کی پرسنل تصاویر نہ جانے کس طرح سے منظر عام پر آگئیں، جس کی وجہ سے کترینہ بہت زیادہ اپ سیٹ رہی اور اس نے میڈیا ایسوسی ایشن والوں کو اس سلسلے میں شکایت پر مبنی کھلا خط بھی لکھا۔
Load Next Story