وفاقی وزیرداخلہ و چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے اہم ملاقات ہوئی جس میں انسداد دہشت گردی کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق اس ملاقات میں وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستانیوں کے ویزے میں مشکلات کے بارے میں آگاہ کیا جس پر سری لنکن صدر نے فوری نوٹس لیا اور فوری طور پر پاکستان کو تمام لسٹوں سے نکالنے کا حکم دیا۔
سری لنکن صدر کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی وزیراعظم کو بہت جلد پاکستان کے دورے پر بھیج رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ملاقات میں انسداد دہشت گردی۔ انسداد منشیات اور فورسز کی مشترکہ ٹریننگ کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ محسن نقوی نے پاک سری لنکا تعلقات کے فروغ کے لیے سری لنکن صدر کے کردار کی تعریف کی۔
محسن نقوی نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے سری لنکن صدر کو بھی پاکستان کا دورہ کرنے کا دعوت نامہ پہنچایا۔
سری لنکن کے صدر نے کولمبو میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا بھارت کے ساتھ میچ کھیلنے پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈ فہیم العزیزبھی اس موقع پر موجود تھے۔