جنسی مواد؛ ایلون مسک کے ’گروک‘ کیخلاف ایک اور ملک میں تحقیقات شروع

ایلون مسک کے گروک پر اے آئی کی مدد سے بچوں کی ڈیپ فیک نازیبا مواد بھی تیار کیا جا رہا ہے


ویب ڈیسک February 17, 2026
ایلون مسک کے چیٹ بوٹ گروک پر صارفین کے کہنے پر جنسی مواد بھی بناکر دیا جا رہا ہے

ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X اور اس کے مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ گروک کے خلاف یورپ میں دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آئرلینڈ ڈیٹا پروٹیکشن کمیشن نے یورپی یونین کے سخت ڈیٹا تحفظ قوانین کے تحت ایلون مسک کے چیٹ بوٹ کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

ایلون مسک کے چیٹ بوٹ گروک پر الزام تھا کہ وہ صارفین کی درخواستوں پر غیر رضامندانہ اور جنسی نوعیت کی ڈیپ فیک تصاویر تیار کر رہا تھا جن میں بعض مبینہ طور پر بچوں سے متعلق بھی تھیں۔

آئرش ریگولیٹر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ  تحقیقات اس بات پر مرکوز ہوں گی کہ آیا پلیٹ فارم نے یورپی صارفین کے ذاتی ڈیٹا کے تحفظ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں کی۔

آئرلینڈ کی ڈیٹا پروٹیکشن کمیشن اس معاملے میں یورپی یونین کے جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن کے تحت جانچ کرے گی کیونکہ ایکس کا یورپی ہیڈکوارٹر ڈبلن میں واقع ہے۔

خیال رہے کہ آئرش ریگولیٹر کو پورے بلاک میں نفاذ کا اختیار حاصل ہے۔ قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے عائد کیے جا سکتے ہیں۔

اسپین، فرانس اور برطانیہ میں بھی کارروائیاں

یاد رہے کہ اسپین نے بھی ایکس سمیت میٹا اور ٹک ٹاک کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا کہ یہ پلیٹ فارمز بچوں کی ذہنی صحت، وقار اور حقوق پر حملہ کر رہی ہیں۔

اسی دوران فرانس میں رواں ماہ ایکس کے پیرس میں دفاتر پر چھاپے مارے گئے اور ایلون مسک کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا۔

برطانیہ کے ڈیٹا پروٹیکشن اور میڈیا ریگولیٹرز نے بھی ایلون مسک کے گروک کے خلاگ الگ تحقیقات شروع کر رکھی ہیں۔

یاد رہے کہ گروک، ایلون مسک کی اے آئی کمپنی xAI کی تیار کردہ چیٹ بوٹ ہے جس کے جوابات X پر سب کو بغیر سنسر کیے یکساں نظر آتے ہیں۔

گزشتہ ماہ عالمی سطح پر اس وقت شدید ردِعمل سامنے آیا جب گروک نے لوگوں کو “برہنہ” یا شفاف لباس میں دکھانے والی تصاویر بنانی شروع کی تھیں۔

بعد ازاں کمپنی نے چیٹ بوٹ میں کچھ بنیادی پابندیاں لگائیں مگر یورپی حکام کے نزدیک یہ اقدامات ناکافی ہیں۔

مقبول خبریں