انقلاب کی فتح تک کارکنوں کو چھوڑ کر نہیں جاؤں گا ڈاکٹر طاہرالقادری

ہمارا عقیدہ ، جینا اور مرنا امن ہے، ہم آئین اور قانون پر یقین رکھتے ہیں، سربراہ پاکستان عوامی تحریک

میرا جینا مرنا پاکستان کے عوام کے ساتھ ہے، ڈاکٹر طاہر القادری فوٹو:اے ایف پی

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ان کا جینا مرنا پاکستان کے عوام کے ساتھ ہے، انقلاب کی فتح تک کارکنوں کو چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔


اسلام آباد میں انقلاب مارچ کے شرکا سے خطاب کے دوران ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ وہ عظیم انقلاب مارچ پر قوم کی ماؤں، بہنوں بیٹیوں، بزرگوں اور بچوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ دھرنا نہیں ہے انقلاب مارچ ہے۔ کئی گھنٹوں پر محیط سفر کے باعث ان کی طبیعت ناساز تھی جس پر چوہدری برادران سمیت کئی دوستوں نے انہیں اپنی رہائش گاہ میں آرام کرنے کی دعوت دی لیکن وہ ایک لمحے کے بھی اس مارچ سے نہیں گئے کیونکہ ان کا جینا مرنا اپنے کارکنوں کے ساتھ ہے۔ ان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔ جب تک انقلاب کامیاب نہیں ہوجاتا وہ شرکا کے ساتھ ہی رہیں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ہمیں پورے 10 دن قید کیا گیا، ہم پر کھانا پینا اور ادویات بند کردی گئیں۔ ملک کے سیاسی ادوار میں اتنا بڑا ظلم کبھی نہ ہوا لیکن ہم پرامن رہے کیونکہ ہم پرامن تھے، ہیں اور رہیں گے، ہمارا عقیدہ ، جینا اور مرنا امن ہے، ہم آئین اور قانون پر یقین رکھتے ہیں ۔ اگر کوئی گولی بھی چلائے تو کارکن اس کا جواب نہیں دے گا، ہم اپنی زندگیاں قربان کردیں گے لیکن تشدد اور دہشتگردی کا راستہ کسی صورت نہیں اپنائیں گے۔ ہم کسی طبقے پر جبر و تشدد کو جائز نہیں سمجھتے، وہ پہلے شخص ہیں جس نے عالم اسلام میں پہلی مرتبہ دہشت گردی کے خلاف 600 صفحات پر مشتمل فتویٰ لکھا۔ انقلاب مارچ میں کوئی بھی اسلحہ بردار انقلاب مارچ میں نہیں ہونا چاہیئے، اگر کارکن کسی کے پاس بھی اسلحہ دیکھیں اسے انتطامیہ کے سپرد کردیں اور اگر کسی کارکن نے تشد کا راستہ اپنایا تو وہ کود اسے اپنی جماعت سے نکال دیں گے۔
Load Next Story