نیپال میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 53 افراد ہلاک درجنوں لاپتہ

طوفانی بارشوں کے باعث 200 سے زائد مکانات تباہ جبکہ سیکڑوں مکانات سیلاب میں ڈوب گئے ہیں۔

سیلاب سے متاثرہ 3 ہزار 500 سے زائد افراد کو بچا کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ فوٹو؛ فائل

نیپال میں طوفانی بار شوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 50 سے زائد افراد ہلاک جب کہ درجنوں لاپتہ ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 3 روز سے جاری شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 53 افراد ہلاک اور 75 لاپتہ ہیں جب کہ 36 افراد کو طبی امداد کے لئے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کے بارے میں ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ وہ اپنے گھروں کے ملبے تلے دب گئے ہیں، سیلاب میں بہہ گئے ہیں یا پھر کمیونکیشن سسٹم میں خرابی کے باعث ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا، سیلاب کی وجہ سے پہاڑی علاقوں پر رہنے والوں کا زمینی رابطہ شہروں سے منقطع ہو گیا ہے۔


حکام کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے نیپال کے 75 انتظامی ڈسٹرکٹ متاثر ہوئے ہیں، طوفانی بارشوں کے باعث 200 سے زائد مکانات تباہ ہو چکے ہیں جب کہ سیکڑوں مکانات سیلاب میں ڈوب گئے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ 3 ہزار 500 سے زائد افراد کو بچا کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس ماہ کے آغاز میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کھٹمنڈو کے قریب ایک دیہات تباہ ہونے سے 156 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
Load Next Story