اسلام آباد:
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے رمضان المبارک کے موقع پر مستحق خواتین کے لیے مالی امداد میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بی آئی ایس پی نے سہ ماہی قسط میں ایک ہزار روپے کا اضافہ کیا ۔ اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ سہ ماہی مالی امداد جو پہلے 13 ہزار 500 روپے تھی، اب بڑھا کر 14 ہزار 500 روپے کر دی گئی ہے۔
اس فیصلے کا مقصد مہنگائی کے پیش نظر کم آمدنی والے گھرانوں کو اضافی سہارا فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔
حکام کے مطابق اسی پیکیج کے تحت بینظیر تعلیمی وظائف اور بینظیر نشوونما پروگرام کے وظائف میں بھی 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جس سے مستفید خاندانوں کو بچوں کی تعلیم اور غذائی ضروریات میں مدد ملے گی۔
دریں اثنا بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیئرپرسن روبینہ خالد کی زیر صدارت ایک براہِ راست ای کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں مستحقین کی شکایات اور مسائل سنے گئے۔
اس موقع پر چیئرپرسن نے مستحق خواتین کو ہدایت کی کہ جنہوں نے ڈیجیٹل والٹ کے لیے مفت سم حاصل نہیں کی، وہ فوری طور پر قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رابطہ کریں تاکہ ادائیگیوں کا نظام مزید شفاف اور آسان بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مستحق خاندانوں کو باعزت اور بروقت مالی معاونت کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔