وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واشنگٹن میں اہم ملاقات کی ہے۔
مارکو روبیو کی جانب سے سوشل میڈیا پر ملاقات کی تصویر بھی جاری کی گئی۔ امریکی حکام کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ روبیو نے غزہ کے لیے صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کی مسلسل حمایت اور بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں بانی رکن کے طور پر شرکت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں انہوں نے 31 جنوری کو بلوچستان میں ہونے والے حملوں اور 6 فروری کو اسلام آباد میں ہونے والے بم دھماکے پر تعزیت کا اظہار بھی کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جاری شراکت داری کی اہمیت کو دہرایا۔
اعلامیے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے واشنگٹن میں منعقدہ حالیہ کریٹیکل منرلز وزارتی اجلاس میں پاکستان کی شرکت کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات میں اہم معدنیات اور توانائی کے شعبے کی ترقی کے ساتھ ساتھ امریکی کمپنیوں کے لیے تجارتی سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔