اسلام آباد:
سابق ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ مجاہد خان نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی.
ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر میں شمولیتی پروگرام منعقد ہوا۔ وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، سابق وزیر آزاد جموں کشمیر مشتاق منہاس، مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر کے صدر رانا غلام قادر، سابق سینٹر چودھری تنویر نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔
اس موقع پر سابق ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ مجاہد خان نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
سابق ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر راجہ مجاہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ، راجہ امتیاز نے سب کو 2006ء میں اکھٹا کیا تھا تو ہم نے سیٹ جیتی تھی، اختلاف کی وجہ راجہ امتیاز کو نظر انداز کرنا تھا آج دوبارہ ہم اس پلیٹ فارم پر یعنی مسلم لیگ ن میں واپس آرہے ہیں، انشاءاللّٰہ اب ماضی کی طرح آزاد جموں کشمیر کو مضبوط کریں گے اور انتخابات میں مسلم لیگ ن کو کامیاب کرائیں گے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ راجہ مجاہد اور راجہ قیصر کو مسلم لیگ میں شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں، پروگرام میں شرکت راجہ امتیاز کی وجہ سے کی، آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کامیابی حاصل کرے گی، جب بھی موقع ملا آزاد جموں کشمیر کی سیاست کے جو حق ادا کرسکے کریں گے۔
صدر مسلم لیگ (ن) آزاد جموں کشمیر شاہ غلام قادر کا راجہ مجاہد وغیرہ کے شمولیتی پروگرام سے خطاب میں کہنا تھا کہ راجہ مجاہد آپ کو مسلم لیگ ن میں خوش آمدید کہتے ہیں ایک گزارش ہے ایک دوسرے کو فتح نہیں کرنا، ہمیں مخالف کو فتح کرنا ہے اس پر توجہ دینی ہے۔
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یہ لوگ مسلم لیگ ن میں کیوں شامل ہورہے ہیں؟ وجہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ کی کارکردگی ہے لوگ سمجھتے ہیں اب بھی ویسے ہی کام کیے جائیں گے، پونچھ۔ راولاکوٹ میں جو جذبہ دیکھا اصل وجہ میاں نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے ماضی کو دیکھ کر شامل ہورہے ہیں، میاں نواز شریف آپ کشمیریوں کے وہی وکیل ہیں جنہوں نے کہا تھا کہ ان کی ڈیمانڈ آنے سے پہلے ان کی وکالت کر لینی چاہیے، پھر آپ نے دیکھا ان کی کاوشوں سے این ایف سی ایوارڈ ملا، انشاء اللّٰہ یہ سلسلہ جاری رہے گا جلد مسلم لیگ ن کی جدوجہد سے آپ کو جائز مقام ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا احترام کرتے ہیں ہم نے کشمیر کی بہتری کے لیے مذاکرات کیے، 192 مقدمات 177 ایف آئی آرز کو ختم کرادیا گیا، ایک مطالبہ تھا جس پر عمل کرتے ہوئے جو وفات پاگئے اس کے عوض معاوضہ دیا گیا نوکریاں دیں گئیں، منگلا ڈیم کی ریزنگ پروجیکٹ پر بھی کام ہورہا ہے، ہیلتھ کارڈ کی ڈیمانڈ پربھی کام ہوا ہے، شہباز شریف نے ڈیمانڈ کے بغیر ہیلتھ کارڈ کشمیر، گلگت اسلام آباد میں شروع کردیا، بجلی کی مد میں دس ارب دیں گے پی سی ون تیار کرکے ارسال کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ڈیمانڈ بھی تھی جس پر کابینہ کا حجم کم کرکے بیس وزرا و سیکریٹری کردیے گئے، احتساب کو نیب قوانین کے مطابق ہونا چاہیے وہ بھی کردیا، مہاجرین کی سیٹوں پر بات چیت مطالبہ تھا کمیٹی بنادی تین میٹنگ کال کی وہ آئے ہی نہیں، فیصلہ یہ ہوا کہ اس لاٹ سے وزیر نہیں بنے گا تو ابھی کوئی وزیر نہیں ہے، میر پور انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر بات کی گی اس پر کام ہورہا ہے، پانی کی اسکیموں پر بھی کام ہورہا ہے اے ڈی پی میں شامل کردیا گیا ہے، تعلیمی اداروں میں داخلے میرٹ پر ہوں وہ لازمی کردیا گیا ہے، کچرے کے پلانٹ پر بھی کام ہورہا ہے، پانچ کلو واٹ کی شرط تھی اس ٹریفک کو برابر کردیا گیا۔
امیر مقام نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد ہورہا ہے تین دفعہ بلایا آپ آئیں بیٹھ کر بات کریں کمشیری عوام کو ریلیف دیں، وزیراعظم شہباز شریف نے تین کے بجایے پانچ دانش اسکول دئیے، دانش یونیورسٹی پر بھی کام ہورہا ہے انشاء اللّٰہ ضرور بنے گی، میر پور تک موٹر وے بنے گی چند ہفتوں میں سنگ بنیاد رکھیں گے یہ تو کسی کی ڈیمانڈ کی تھی لیکن نواز شریف جانتا ہے کشیر کو کیا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ راستے بند کرنے اور تعلیمی ادارے بند کرنے سے کچھ نہیں ملنا، آج آپ کو پھر دعوت دیتا آئیں مل کر بیٹھیں کشمیریوں کی فلاح کے لیے کام کریں، ہم ایک بیج پر ہیں نہ سیاست ہے نہ پارٹی بازی ہے ہم پاکستان اور کشمیر کے ساتھ ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر کو جتنا دیا جائے کم ہے، معرکہ حق نے کشمیریوں پاکستانیوں نے نئی روح پھونک دی ہے، دنیا شاباش دے رہی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور شہباز شریف کی قیادت میں نیا حوصلہ ملا ہے، کشمیریوں کے لیے جس قدر کام ہورہا ہے ہے وہ اپنی زندگی میں نہیں دیکھا۔