بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے علیحدگی کے باوجود اپنے خاندان کے ساتھ مثبت تعلقات کی مثال قائم کرتے ہوئے اپنی سابقہ اہلیہ نتاشا اسٹینکووچ اور بیٹے آگستیہ کے لیے ایک مہنگی لگژری گاڑی تحفے میں دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پانڈیا نے انہیں سیاہ رنگ کی لینڈ روور ڈیفینڈر پیش کی، جس کی مالیت بھارت میں کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں نتاشا کو نئی گاڑی کے ساتھ خوشگوار انداز میں تصاویر بنواتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ان کے بیٹے آگستیہ بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود ہیں۔
ایک ویڈیو کلپ میں ننھے آگستیہ کو ممبئی کے شوروم میں گاڑی کی چابیاں وصول کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا، جس نے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی۔
گاڑی بنانے والی کمپنی نے بھی اس خصوصی موقع کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ہاردک پانڈیا کا شکریہ ادا کیا اور تصدیق کی کہ یہ گاڑی نتاشا اور آگستیہ کے لیے فراہم کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ جولائی 2024 میں باضابطہ علیحدگی کے باوجود دونوں کی جانب سے اپنے بیٹے کی مشترکہ پرورش اور اس کی خوشیوں کو ترجیح دینے کے رویے کو سوشل میڈیا صارفین نے سراہا ہے۔
ادھر ہاردک پانڈیا حالیہ دنوں میں اپنی ذاتی زندگی کے باعث بھی خبروں میں ہیں اور ان کا نام ماہیکا شرما کے ساتھ جوڑا جارہا ہے، تاہم وہ متعدد مواقع پر واضح کر چکے ہیں کہ ان کے لیے سب سے اہم ان کا بیٹا ہے۔ دوسری جانب نتاشا اسٹینکووچ بھی علیحدگی کے بعد اپنی فٹنس اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہیں۔