حوالہ ہنڈی کے ذریعے 9 ملین درہم کی غیر قانونی ترسیل بے نقاب، اشتہاری کمپنی کا سی ایف او گرفتار

کیس میں ملوث دیگر افراد اور سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں


ویب ڈیسک February 24, 2026

کراچی:

وفاقی تحقیقاتی ادارہ کے کمرشل بینکنگ سرکل نے حوالہ/ہنڈی کے ذریعے بھاری رقوم کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی آر نمبر 10/2026 کی تفتیش کے دوران حوالہ/ہنڈی نیٹ ورک کا انکشاف ہوا، جس میں ایک معروف اشتہاری ایجنسی کی جانب سے غیر ملکی اکاؤنٹس میں بھاری رقوم کی غیر قانونی منتقلی سامنے آئی۔

تحقیقات کے مطابق 9 ملین اماراتی درہم (تقریباً 735 ملین پاکستانی روپے) کی غیر قانونی ادائیگیاں کی گئیں۔

کارروائی کے دوران کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر کو گرفتار کرلیا گیا، جو ابتدائی تحقیقات میں حوالہ/ہنڈی کے ذریعے غیر قانونی رقوم کی ترسیل میں ملوث پایا گیا۔ ملزم کو مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ کیس میں ملوث دیگر افراد اور سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں جبکہ مالیاتی لین دین کے مزید ریکارڈ بھی حاصل کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب، کمپنی نے ایف آئی آر نمبر 10/2026 سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ ایف آئی آر، جو ایف آئی اے بینکنگ سرکل میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد خواجہ کی نگرانی میں درج کی گئی، سی ایف او کا ذاتی معاملہ ہے۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اس کیس سے اس کا کسی بھی قسم کا کوئی تعلق یا شمولیت نہیں، اور اس حوالے سے ہر قسم کی وابستگی کی سختی سے تردید کی جاتی ہے۔

مقبول خبریں