نعمان حفیظ
جب وطن کی مٹی پکارتی ہے تو صرف سپاہی ہی نہیں بلکہ پوری قوم کا لہو گرم ہوجاتا ہے۔ تاریخ کے صفحات اس حقیقت کے گواہ ہیں کہ وہ قومیں کبھی شکست نہیں کھاتیں جن کے محافظ بیدار ہوں، جن کے جوانوں کے سینوں میں ایمان کی حرارت اور وطن سے محبت کی آگ جل رہی ہو۔
پاکستان بھی ایسی ہی ایک عظیم مملکت ہے، جس کی بنیاد قربانی، ایمان اور غیرت پر رکھی گئی۔ آج جب پاک افغان سرحدوں پر ایک بار پھر کشیدگی کی فضا قائم کی جارہی ہے اور دشمن عناصر پاکستان کے امن کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تو ایک بار پھر افواجِ پاکستان نے اپنے فولادی عزم سے ثابت کردیا ہے کہ اس دھرتی کی حفاظت ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے۔
پاکستان کا قیام محض ایک جغرافیائی واقعہ نہیں تھا بلکہ یہ ایک نظریے کی فتح تھی۔ یہ وہ سرزمین ہے جو لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہوئی۔ پاکستان نے ہمیشہ امن، اخوت اور ہمسائیگی کے اصولوں کو مقدم رکھا۔ افغانستان کے ساتھ بھی پاکستان نے ہمیشہ برادرانہ تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی۔
جب افغانستان جنگ کی آگ میں جل رہا تھا، جب اس کے عوام بے گھر ہو رہے تھے، جب دنیا نے ان سے نظریں چرا لی تھیں، تب پاکستان نے اپنے دروازے اور اپنے دل کھول دیے۔ لاکھوں افغان مہاجرین کو پاکستان نے نہ صرف پناہ دی بلکہ انہیں عزت، تحفظ، تعلیم اور روزگار بھی فراہم کیا۔ یہ قربانی صرف وسائل کی نہیں بلکہ صبر، برداشت اور انسانیت کی قربانی تھی۔
پاکستان نے اپنی معیشت، اپنے امن اور اپنے مستقبل کو خطرے میں ڈال کر افغان مہاجرین کی مدد کی۔ پاکستان کی گلیوں، بازاروں اور شہروں نے انہیں اپنا سمجھ کر قبول کیا۔ مگر افسوس کہ اس احسان کا صلہ پاکستان کو ہمیشہ وفاداری کی صورت میں نہیں ملا۔
پاکستان کی سرزمین، جو امن اور محبت کی علامت تھی، دہشت گردی کا نشانہ بننے لگی۔ پاکستان کے معصوم شہریوں کا خون بہایا گیا، مساجد، اسکول اور بازار نشانہ بنے، اور پاکستان کے بہادر سپاہیوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آج ایک بار پھر وہی قوتیں سرحد پار سے پاکستان کے امن کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ دشمن عناصر افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔ اس تمام صورتحال میں بھارت کا کردار بھی کسی سے پوشیدہ نہیں۔ بھارت ہمیشہ سے پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف رہا ہے اور اب وہ افغانستان کی سرزمین کو اپنے مذموم مقاصد کےلیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
مگر دشمن شاید یہ بھول گیا ہے کہ پاکستان کوئی کمزور ریاست نہیں بلکہ ایک ایٹمی طاقت ہے، اور اس کی حفاظت کےلیے ایک ایسی فوج موجود ہے جس کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔
حالیہ حالات میں افواجِ پاکستان نے جس جرأت، حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے، وہ پوری قوم کےلیے باعثِ فخر ہے۔ پاک فوج کے جوان دن رات سرحدوں پر موجود ہیں۔ وہ سرد راتوں میں برفیلے پہاڑوں پر کھڑے رہتے ہیں، وہ تپتے صحراؤں میں دشمن کی ہر حرکت پر نظر رکھتے ہیں، وہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر وطن کی حفاظت کرتے ہیں۔ ان کے سینوں میں صرف ایک جذبہ ہوتا ہے پاکستان کی حفاظت، پاکستان کی بقا، اور پاکستان کی عزت۔
خصوصی طور پر موجودہ عسکری قیادت کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان کے خلاف ہر سازش کا جواب پوری طاقت سے دیا جائے گا۔
پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، جدید حکمت عملی اور فولادی عزم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے۔ یہ وہی فوج ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں اور پاکستان کو امن کی طرف واپس لے کر آئی۔
یہ حقیقت بھی ناقابلِ انکار ہے کہ پاک فوج اور پاکستانی عوام کے درمیان رشتہ صرف ایک ادارے اور عوام کا نہیں بلکہ ایک روحانی اور نظریاتی رشتہ ہے۔ پاکستانی قوم اپنے محافظوں سے محبت کرتی ہے، ان پر فخر کرتی ہے، اور ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ جب بھی وطن پر مشکل وقت آیا، پاک فوج نے اپنے خون سے اس دھرتی کا دفاع کیا، اور قوم نے اپنے سپاہیوں کو سلام پیش کیا۔ شہداء کی قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کا دفاع ہر قیمت پر کیا جائے گا۔
پاکستان کے دشمن شاید یہ سمجھتے ہیں کہ وہ دہشت گردی اور سازشوں کے ذریعے پاکستان کو کمزور کر سکتے ہیں، مگر وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ پاکستان کی طاقت صرف اس کی فوج نہیں بلکہ اس کی قوم بھی ہے۔ یہ قوم اپنے وطن کےلیے ہر قربانی دینے کےلیے تیار ہے۔ پاکستان کا ہر شہری اپنے فوجی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، اور یہی اتحاد پاکستان کی اصل طاقت ہے۔
پاکستان امن چاہتا ہے، مگر امن کو کمزوری نہیں سمجھا جا سکتا۔ پاکستان کی خاموشی اس کی حکمت ہے، اور اس کا صبر اس کی طاقت۔ اگر کسی نے اس صبر کا امتحان لینے کی کوشش کی تو اسے یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان کا جواب ہمیشہ فیصلہ کن اور ناقابلِ فراموش ہوتا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کےلیے تیار ہیں، اور وہ دشمن کے ہر ناپاک ارادے کو خاک میں ملانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
آج ضرورت اس بات کی ہے کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہو، اپنے محافظوں کو سلام پیش کرے، اور اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھے۔ یہ وہ محافظ ہیں جو ہماری سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں، جو ہماری عزت کی حفاظت کرتے ہیں، جو ہمارے مستقبل کی حفاظت کرتے ہیں۔ ان کی قربانیوں کی وجہ سے آج پاکستان محفوظ ہے، آزاد ہے، اور مضبوط ہے۔
پاکستان صرف ایک ملک نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے، ایک ایمان ہے، ایک مقدس امانت ہے۔ اس کی حفاظت ہر پاکستانی کا فرض ہے۔ پاک فوج اس نظریے کی محافظ ہے، اور پاکستانی قوم اس کی طاقت۔
پاکستان قائم تھا، قائم ہے اور ہمیشہ قائم رہے گا، کیونکہ اس کے محافظ بیدار ہیں، اس کی فوج فولاد ہے، اس کی قیادت بہادر ہے، اور اس کی قوم اپنے وطن کےلیے جان قربان کرنے کا جذبہ رکھتی ہے۔
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔