ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل اور امریکا کے حملوں کے جواب میں خطے میں موجود امریکا کے 14 اڈوں کو نشانہ بنایا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی پاسداران انقلاب کے ترجمان نے بتایا کہ ایران کے ان حملوں میں سیکڑوں امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پاسداران انقلاب نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ایرانی افواج کا یہ طاقتور آپریشن ’’وعدۂ صادق چہارم‘‘ بھرپور قوت سے جاری رہے گا۔
ترجمان پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی اڈوں پر اب ایرانی فورسز کے حملے مزید شدت کے ساتھ ہوتے رہیں گے۔
ایران نے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں قطر، سعودی عرب اور امارات سمیت فلسطینی علاقوں کے مرکز میں واقع امریکی فوجی اڈوں کونشانہ بنایا۔
ترجمان ایرانی پاسدران انقلاب نے بحرین میں موجود امریکی بحریہ کا ففتھ فلیٹ کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر ایران میں متعدد مقامات پر تابڑ توڑ حملے کیے ہیں جن میں 75 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اسرائیل نے تمام حدیں پار کرتے ہوئے لڑکیوں کے پرائمری اسکول کو نشانہ بنایا جس میں طالبات اور عملے سمیت 50 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔
ان حملوں کے جواب میں ایران نے خلیجی ممالک بشمول سعودی عرب، قطر، بحرین وغیرہ میں امریکی مفادات کو نشانہ بنایا ہے۔