جولائی 2014 تجارتی خسارے میں 38 فیصد کی نمایاں کمی

گزشتہ ماہ تجارتی خسارہ 1 ارب 43 کروڑ ڈالر تک محدود، جون میں 2 ارب 31 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا تھا، برآمدات ماہانہ۔۔۔۔۔۔

جولائی میں ایکسپورٹ سال بہ سال 8 فیصد کمی سے1 ارب 93 کروڑ اور درآمدات 11.8 فیصد گھٹ کر 3 ارب 36 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہوگئیں، بیورو شماریات، رپورٹ جاری فوٹو: فائل

پاکستان کا جولائی کی تجارت میں خسارہ برآمدات سے زیادہ درآمدات گھٹ جانے کے باعث 1 ارب 43 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک محدود ہو گیا۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی ماہ (جولائی2014) کے دوران ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 37.95 فیصد کی نمایاں کمی دیکھی گئی، جون 2014 میں تجارتی خسارہ 2 ارب 31 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ہوگیا تھا جو رواں مالی سال کے پہلے ماہ (جولائی 2014) میں صرف 1ارب 43 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہ گیا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ پاکستان سے 1 ارب 93 کروڑ ڈالر کی مصنوعات مختلف ممالک کو برآمد کی گئیں جبکہ جون میں برآمدات 2 ارب 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔


اس طرح جون کے مقابلے میں گزشتہ ماہ برآمدات 4.79 فیصد کم رہیں، جولائی2014 میں ماہانہ بنیادوں پر درآمدات بھی 22.45 فیصد کم ہو گئیں، جون میں 4 ارب33 کروڑ 80 لاکھ ڈالرکی اشیا بیرون ملک سے منگوائی گئی تھیں جبکہ جولائی 2014 کے دوران پاکستان نے مختلف ممالک سے 3 ارب 36 کروڑ 40لاکھ ڈالر کی درآمدات کیں۔

ماہانہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے ماہ (جولائی 2014) کے دوران اشیا کی برآمدات میں 7.88 فیصد یا 16 کروڑ 50 لاکھ ڈالر، درآمدات 11.80فیصد یا 45کروڑ ڈالر اور تجارتی خسارے میں 16.58 فیصد کمی آئی، جولائی 2013 میں ایکسپورٹ 2 ارب 9 کروڑ50 لاکھ ڈالر، امپورٹ 3ارب81کروڑ 40لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 1 ارب71 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا تھا۔
Load Next Story