بطور چیئرمین شہریار دوسری اننگز کل شروع کریں گے

واحد امیدوار کے کاغذات نامزدگی جانچ کرنے کی رسمی کارروائی بھی پوری ہوگئی


Sports Reporter August 17, 2014
واحد امیدوار کے کاغذات نامزدگی جانچ کرنے کی رسمی کارروائی بھی پوری ہوگئی۔ فوٹو: فائل

شہریار خان بطور چیئرمین پی سی بی دوسری اننگز کا آغاز پیر کو کرینگے۔

اکلوتے امیدوارکے کاغذات نامزدگی کی چانچ پڑتال کی رسمی کارروائی مکمل ہوگئی، گورننگ بورڈ کے اجلاس میں بلامقابلہ منتخب ہونے کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق شہریار خان کو چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سونپنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، گورننگ بورڈ کے 10 ارکان پر مشتمل الیکٹورل کالج میں سے کسی نے بھی سابق سفارتکار کے مقابل کاغذات ہی نہیں جمع کرائے،شیڈول کے مطابق ہفتے کو امیدواروں کی اسکروٹنی ہونا تھی۔

ذرائع کے مطابق نگران چیئرمین اور الیکشن کمشنر جسٹس (ر) ثائر علی نے واحد امیدوار کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کرلی ہے، یہ رسمی کارروائی پورا ہونے کے بعد اب نئے مستقل چیئرمین کا اعلان ہونا باقی رہ گیا ہے، اس حوالے سے گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس پیر کو شیڈول ہے جس میں شہریارخان کے بلامقابلہ منتخب ہونے کی ''خوشخبری'' سنانے کے بعد نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جائیگا، وہ اسی روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال کرکام شروع کردیں گے۔

یاد رہے کہ سابق سیکریٹری خارجہ اس سے قبل دسمبر 2003 میں جنرل توقیر ضیا کے استعفے کے بعد چیئرمین پی سی بی مقرر کیے گئے تھے،بھارت کے ساتھ باہمی سیریز کی بحالی کو ان کا ایک بڑا کارنامہ قرار دیا جاتا ہے تاہم پاکستان ٹیم کا انگلینڈ میں بال ٹمپرنگ تنازع کو نمٹانے میں ناکامی اور کپتان یونس خان سے اختلافات کے بعد انھیں اکتوبر 2006 میں عہدہ چھوڑنا پڑا اور ان کی جگہ اس وقت کے صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے نسیم اشرف کو بورڈ کا سربراہ بنادیا تھا۔ ان کے بھارت میں خاندانی مراسم کی وجہ سے توقع کی جارہی ہے کہ پی سی بی اور بی سی سی آئی کے تعلقات میں بھی بہتری آئے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں