پاکستان اور بھارت 9 برس بعد آمنے سامنے

پاکستانی کپتان کلیم اللہ جیت کے لیے پراعتماد، میزبان ٹیم کا انحصار سنیل پر ہوگا

ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے دو میچز کی سیریز اہم قرار۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا فٹبال میچ اتوار کو بنگلور میں کھیلا جارہا ہے۔

روایتی حریف 9 برس بعد پہلا 'دوستانہ' میچ کھیلیں گے، دونوں ٹیموں کی نگاہیں ایشین گیمز کی تیاریوں پر مرکوز ہیں، پاکستانی ٹیم کے قائد کلیم اللہ فتح کیلیے پراعتماد ہیں، بھارت کا انحصار اپنے کپتان سنیل چھیتری پر ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت فٹبال کے میدان میں دوستی کی نئی داستان لکھنے والے ہیں، دونوں ٹیمیں آپس میں آخری مرتبہ دوستانہ میچ میں 2005 میں آمنے سامنے آئی تھیں جب بھارتی ٹیم نے تین میچز کیلیے پاکستان کا دورہ کیا تھا، اس کے بعد پڑوسی ممالک میں کشیدگی اور دیگر مسائل کی وجہ سے کئی کوششوں کے باوجود باہمی فٹبال مقابلے نہیں ہوپائے تھے۔


پاکستان اور بھارت کی انڈر 23 ٹیموں کے درمیان اب اتوار کو بنگلور میں پہلا میچ کھیلا جارہا ہے جبکہ دوسرا مقابلہ بدھ کو شیڈول ہے۔ ان دومیچز سے دونوں ٹیموں کو آئندہ ماہ جنوبی کوریا کے شہر انچون میں کھیلے جانے والی ایشین گیمز کی تیاریوں میں کافی مدد ملے گی، پاکستان کی قیادت 22 سالہ فارورڈ کلیم اللہ کے پاس ہے جوکہ 2007 میں اے ایف سی انڈر 19 کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں منظر عام پر آئے تھے، ان کی ٹیم کو بھارت کے شور شرابہ کرنے والے بڑے کراؤڈ کا چیلنج بھی درپیش ہوگا۔

اس وقت بھارتی ٹیم فیفا کی عالمی درجہ بندی میں 150 جبکہ پاکستان ٹیم اس سے 15 درجے نیچے 165 ویں نمبر پر موجود ہے اس کے باوجود گرین شرٹس کے حوصلے آسمان کو چھو رہے ہیں اور وہ روایتی حریف کی سرزمین پر فتح کا جھنڈا گاڑنے کے لیے بے چین ہے، کپتان کلیم اللہ پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ وہ فٹبال کے ذریعے دونوں ممالک کے قریب آنے پر یقین رکھتے ہیں ساتھ میں ان کی نگاہیں انچون گیمز پر بھی مرکوز ہیں۔ دوسری جانب بھارت کی ٹیم حال ہی میں جمہوریہ چیک کا دورہ کرکے آئی ہے جہاں پر اس کو سیکھنے کو بہت کچھ ملا ہے۔

بھارتی اسکواڈ کا زیادہ تر دارومدار تین سینئر کھلاڑیوں پر ہے جن میں کپتان سنیل چھیتری کے ساتھ روبن سنگھ اور فرانسک فرنانڈیس بھی شامل ہیں، انھوں نے وہاں پر مقامی کلب ٹیموں کے ساتھ میچز کھیلے جن میں سے دو ڈرا ہوئے جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی ٹیم نے آخری دوستانہ میچ بنگلہ دیش کے خلاف پانچ مارچ کو کھیلا تھا وہ مقابلہ بھی برابر رہا تھا جس کی وجہ سے کوچ وم کوایورمینز اس بار اپنی ٹیم کو دونوں مقابلوں میں سرخرو ہوتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔
Load Next Story