بھارت کا ایک اور جنگی طیارہ لاپتا؛ گرکر تباہ ہونے کا خدشہ

طیارہ آسام کے جورہاٹ ایئربیس سے اڑا تھا اور اس کا آخری رابطہ شام 7 بج کر 42 منٹ پر ہوا


ویب ڈیسک March 05, 2026

بھارتی فضائیہ کا ایک جدید جنگی طیارہ سخوئی شمال مشرقی ریاست آسام میں پرواز کے بھرنے کے فوری طور پر لاپتا ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جنگی طیارے نے شام کو معمول کی پرواز بھری تھی اور طیارے میں پائلٹ اور ایک ویپن سسٹم آپریٹر (نیویگیٹر) سوار تھے۔

طیارہ آسام کے ضلع کاربی آنگلونگ کے فضائی علاقے میں پرواز کر رہا تھا جب اس کا رابطہ اچانک منقطع ہوگیا۔

بھارتی فضائیہ کے بیان کے مطابق طیارہ آسام کے جورہاٹ ایئربیس سے اڑا تھا اور اس کا آخری رابطہ شام 7 بج کر 42 منٹ پر ہوا۔

طیارے کا رابطہ منقطع ہونے کے فوراً بعد طیارے کی تلاش کے لیے سرچ اور ریسکیو مشن شروع کر دیا گیا۔

کاربی آنگلونگ کے جنگلاتی علاقے میں رہنے والے بعض افراد نے اسی وقت ایک زور دار دھماکے جیسی آواز سننے کا دعویٰ کیا ہے۔

جس کے باعث طیارے کے گرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم حکام نے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ 

بھارتی فضائیہ نے بتایا ہے کہ طیارے اور اس کے عملے کا سراغ لگانے کے لیے فضائی اور زمینی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ سخوئی روسی ساختہ دو انجنوں والا جدید ملٹی رول جنگی طیارہ ہے جو بھارتی فضائیہ کے اہم ترین لڑاکا طیاروں میں شمار ہوتا ہے۔

اس جنگی جہاز کو فضائی و زمینی اہداف کے خلاف مختلف قسم کے مشنز کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے لاپتا ہونے کی اصل وجہ اور عملے کی حالت کے بارے میں مزید معلومات تلاش کے عمل مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔

 

مقبول خبریں