صدر و وزیر اعظم کا ہاکی ٹیم کے ورلڈکپ کیلیے کوالیفائی کرنے پر اظہار مسرت

اسی محنت اور عزم سے کھیل کر ورلڈکپ حاصل کرسکتے ہیں، وزیر اعظم


اسپورٹس ڈیسک March 07, 2026

صدر مملکت آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ہاکی ٹیم کے ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے قومی ہاکی ٹیم کی آٹھ سال بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر پذیرائی کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو مزید محنت جاری رکھنے کی نصیحت کی۔

انہوں نے کہا کہ اسی محنت اور عزم سے کھیل کر ورلڈکپ حاصل کرسکتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت آپ کو تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔ آپ کی تمام تر توجہ کھیل میں نمایاں کارکردگی کی جانب مرکوز ہونی چاہیے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قومی ہاکی ٹیم کے طویل وقفے کے بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مسرت کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی پاکستان میں ہاکی کے احیاء اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا پیغام ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ کھیل قومی اتحاد، نظم و ضبط اور صحت مند معاشرے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے ہاکی اور فٹبال جیسے عوامی کھیلوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ محنت کش طبقے اور عام لوگوں کے کھیل ہیں جنہیں ملک بھر میں مزید آگے بڑھانا چاہیے۔

مقبول خبریں