کراچی: جھگڑے کے دوران چھوٹے بھائی کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا بڑا بھائی دم توڑ گیا

بعد ازاں ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر زخمی کرلیا


اسٹاف رپورٹر March 10, 2026

کراچی:

کورنگی مہران ٹاؤن میں ذاتی جھگڑے کے دوران چھوٹے بھائی نے فائرنگ کرکے بڑے بھائی کوزخمی کردیا، بعد ازاں خود کو بھی گولی مار کر زخمی کرلیا جو دوران علاج دم توڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کورنگی مہران ٹاؤن سیکٹر6 بی مکان نمبر 1/4 میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 2 سگے بھائی 30 سالہ محمد نذیر اور 40 سالہ عارف نواز زخمی ہو گئے جنہیں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پرپہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوع سےشواہد اکٹھا کرلیے، ایس ایچ او ناصر محمود کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے محمد نذیر کا اپنے بھائی عارف نواز سے ذاتی نوعیت کا جھگڑا ہوا تھا۔

جھگڑے کے دوران محمد نذیر نے فائرنگ کرکے اپنے بھائی عارف نواز کو زخمی کیا اور بعد ازاں خود کو بھی گولی مار کر زخمی کرلیا۔

محمد نذیر مرگی کا مریض بھی ہے، پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک 30 بور پستول، دو زندہ راؤنڈ اور تین خالی خول برآمد کرکے اپنے تحویل میں لے لیے، پولیس مزید قانونی کارروائی کررہی ہے۔

کورنگی صنعتی ایریا تھانے کےعلاقے کورنگی مہران ٹاؤن گھرمیں ذاتی نوعیت کےجھگڑے کے دوران چھوٹے بھائی کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا بڑا بھائی 40 سالہ عارف نواز ولد اول دوران علاج جناح اسپتال میں دم توڑ گیا۔

پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد مقتول کی لاش ورثا کے حوالے کردی ہے دوسری جانب پولیس نے خود کو گولی مار کر زخمی کرنے والے چھوٹے بھائی محمد نذیر کو حراست میں لےلیا ہےجس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

مقبول خبریں