بی سی سی آئی کا بھارتی ٹیم کیلیے بڑی انعامی رقم کا اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بھی بھارت کو 2.34 ملین ڈالر انعامی رقم ملی ہے


اسپورٹس ڈیسک March 10, 2026

بھارتی کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شاندار کامیابی کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کھلاڑیوں کے لیے خطیر انعامی رقم کا اعلان کردیا ہے۔

بھارت کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دیواجیت سائکیا نے منگل کے روز اعلان کیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے لیے 131 کروڑ بھارتی روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔

یہ اعلان اس تاریخی فتح کے بعد سامنے آیا جب بھارت نے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دی۔

بی سی سی آئی کے مطابق ٹیم کی شاندار کارکردگی نے نہ صرف ٹورنامنٹ کا دفاع ممکن بنایا بلکہ بھارت کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلسل دو بار ٹائٹل جیتنے والی ٹیم بھی بنا دیا۔

اس کامیابی کے ساتھ بھارت مجموعی طور پر تین مرتبہ یہ عالمی اعزاز اپنے نام کرنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بھی بھارت کو 2.34 ملین ڈالر (21 کروڑ بھارتی روپے سے زائد) انعامی رقم ملی جبکہ رنر اپ نیوزی لینڈ کو 1.17 ملین ڈالر (10 کروڑ بھارتی روپے سے زائد) دیے گئے۔

مقبول خبریں