راولپنڈی:
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے جیل میں ملاقات کے روز اڈیالہ روڈ پر جمع ہونے والے کارکنان کا آپس میں جھگڑا ہوا اور کارکن ایک دوسرے پر مکے برساتے رہے، جس کے باعث علیمہ خان کے دھرنے میں شدید بد نظمی ہوئی جبکہ صلح صفائی کرانے والے کارکنوں کو بھی دھکے مارے گئے، جس کے نتیجے میں ایک کارکن زخمی ہوا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی جس پر فیملی اراکین کی کال پر پارٹی کارکنوں نے اڈیالہ روڈ کے ایک جانب دھرنا دیا۔
علیمہ خان کی موجودگی میں دھرنے کے دوران کارکنان آپس میں الجھے اور جھگڑا شروع ہوگیا، کارکن ایک دوسرے کو گالیاں دیتے رہے اور خوب مکے برسائے اور لڑائی جھگڑے میں ایک کارکن زخمی ہوا۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں کے جھگڑے میں دھکم پیل کے دوران چند کارکن پولیس خصار توڑنے میں کامیاب ہوئے جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کرکے کارکنوں کو پیچھے دھکیل دیا اور اس موقع پر لڑائی جھگڑے میں ایک کارکن زخمی بھی ہوا۔
بعد ازاں عمران خان کی بہن علیمہ خان نے افطار سے قبل کارکنوں میں صلح کرائی اور آپس میں جھگڑنے والے کارکنوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا۔