کینیڈا میں امریکی قونصل خانے پر فائرنگ؛ ہائی الرٹ

کار سوار مسلح افراد نے قونصل خانے پر فائرنگ کردی


ویب ڈیسک March 10, 2026
کینیڈا میں امریکی قونصل خانے پر فائرنگ ( تصوراتی فوٹو: اے آئی جنریٹڈ)

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں امریکی قونصل خانے پر فائرنگ کی گئی ہے جسے دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ٹورنٹو کے ڈاؤن ٹاؤن علاقے میں واقع امریکی قونصل خانے کے باہر علی الصبح پیش آیا۔

پولیس کو اطلاع ملنے پر اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے تو عمارت کے باہر گولیوں کے خول اور فائرنگ کے شواہد ملے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق دو نامعلوم افراد ایک سفید گاڑی میں آئے اور گاڑی سے نکل کر قونصل خانے کی عمارت پر متعدد گولیاں چلائیں اور پھر فرار ہو گئے۔

فائرنگ سے عمارت کے دروازے اور شیشے کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

کینیڈین پولیس اور رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس نے اس واقعے کو قومی سلامتی کے زاویے سے دیکھتے ہوئے مشترکہ تحقیقات کر رہی ہیں۔

تفتیشی حکام نے حملے میں ملوث مشتبہ گاڑی کی تصویر بھی جاری کر دی ہے اور عوام سے معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ 

واقعے کے بعد ٹورنٹو اور اوٹاوا میں امریکی اور اسرائیلی سفارتی عمارتوں کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

 

مقبول خبریں