راولپنڈی؛ خاتون کے اندھے قتل کا ڈراپ سین، پولیس نے قاتل کیسے پکڑا؟

زیر حراست شخص قتل کی واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا، پولیس


صالح مغل March 11, 2026
فوٹو: فائل

راولپنڈی:

تھانہ سول لائنز پولیس نے خاتون کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق زیر حراست شخص قتل کی واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا، تاہم سول لائنز پولیس نے ٹیکنیکل و ہیومن انٹیلی جنس ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ زیر حراست شخص کی دوسری اہلیہ تھی جس نے گھریلو لڑائی جھگڑے پر پھندا دے کر اہلیہ کو قتل کیا اور لاش گلی میں پھینک دی تھی۔

ایس پی پوٹھوہار سردار بابر ممتاز خان کا کہنا تھا کہ زیر حراست شخص کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

واضح رہے کہ چار ماہ قبل 19 اکتوبر کو محلہ غوثیہ گلستان کالونی کی گلی میں سے نامعلوم خاتون کی لاش ملی تھی جس کو پھندا دیکر قتل کیا گیا تھا تاہم پوسٹ مارٹم کے بعد پولیس کی مدعیت میں اندھے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے ایس پی پوٹھوہار سردار بابر ممتاز کو تفتیش کی نگرانی خود کرکے ملزم کو ٹریس کرنے کا ٹاسک سونپا۔

پولیس ٹیم تحقیقات کرتے ہوئے نادرا اور دیگر ذرائع سے خاتون کی شناخت عمل میں لائی تو اسکا نام عنبرین بی بی معلوم ہوا جس کی شادی تقریباً ایک سال قبل بختیار نامی سرکاری ملازم سے انجام پائی جو پہلے سے شادی شدہ تھا اور پہلی اہلیہ کوئٹہ میں مقیم تھی۔

راولپنڈی تبادلہ ہونے پر ملزم نے مسماتہ مقتولہ سے دوسری شادی کی اور گلستان کالونی میں کرایہ کے گھر میں رہائش اختیار کیے رکھی جس کے متعلق انکشاف ہوا کہ واردات کے بعد سے غائب ہے۔ پولیس نے ملزم کی تلاش جاری رکھی اور گزشتہ روز مزکورہ کو گرفتار کرلیا۔

مقبول خبریں