صفائی کا کام بند کچرے کے مزید ڈھیر لگ گئے

فنڈز کی کمی کے باعث عیدالاضحی کے موقع پر آلائشیں اٹھانے وٹھکانے لگانے کے کام پر عملدرآمد ممکن نظر نہیں آتا


Staff Reporter September 25, 2012
گلبہار: صفائی نہ ہونے کے باعث کچرے کا ڈھیر لگا ہوا ہے جس سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ فوٹو : ایکسپریس

لاہور: صوبائی حکومت کی جانب سے آکٹرائے ضلع ٹیکس میں مسلسل کٹوتیوں

مالی بحران کے باعث کالعدم ضلعی میونسپل کارپوریشنز میں صفائی ستھرائی کی صورتحال نہایت مخدوش ہوگئی ہے۔

جبکہ فنڈز کی کمی کے باعث عیدالاضحی کے موقع پر آلائشیں اٹھانے وٹھکانے لگانے کے کام پر عملدرآمد ممکن نظر نہیں آتا۔

بلدیاتی اداروں نے ابھی تک عیدالاضحی کے موقع پر صفائی مہم کیلیے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی ہے، کچرا نہ اٹھانے کے باعث مختلف علاقوں میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔

اہم شاہرائوں پر بھی کچرے کے انبار قائم ہوچکے ہیں جہاں تعفن کے باعث لوگوں کا گزرنا محال ہوگیا جبکہ رہائشی علاقوں میں وبائی امراض پھیلانے کا اندیشہ ہوگیا ہے۔

مالی بحران کے باعث بلدیاتی اداروں میں ترقیاتی کام کافی عرصے سے مکمل طور پر بند پڑے ہیں اور یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی میں بھی مشکلات آرہی ہیں، ذرائع نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے متواتر تین ماہ سے آکٹرائے ضلع ٹیکس میں50فیصد کٹوتی کے باعث مالی بحران پیدا ہوگیا ہے۔

متعلقہ افسران نے بتایا کہ صوبائی محکمہ فنانس کی جانب سے رواں مالی سال کے جولائی سے آکٹرائے ضلع ٹیکس کے شیئرز منہا کیے جارہے ہیں۔

بلدیاتی اداروں کو مالی بحران کے باعث بلدیاتی امور کی انجام دہی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، ایندھن کی کمی اور کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کی مرمت نہ ہونے کے باعث شہر سے لینڈفل سائیڈز تک کچرا پھینکنے کا کام تقریباً پورے شہر میں15روز کیلیے مکمل طور پر بند تھا۔

بلدیاتی اداروں نے اپنے ذرائع سے جمع ہونے والے فنڈز سے صفائی ستھرائی کا عمل شروع کرایا ہے تاہم اس کی مقدار اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے، 15روز کے ڈیڈ لاک کی وجہ سے شہر میں کچرا اتنی بڑی مقدار میں جمع ہوگیا ہے کہ اسے اٹھانے کیلیے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے جس کیلیے فنڈز ناپید ہیں۔

صوبائی حکومت کی جانب سے کالعدم پانچوں ضلعی میونسپل کارپوریشنز کو10ماہ سے پراپرٹی ٹیکس ادا نہیں کیا گیا، بروقت مرمت نہ ہونے کے باعث کچرا اٹھانے والی80فیصد گاڑیاں خراب پڑی ہیں، پٹرولیم کمپنیوں نے واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ادھار ڈیزل کی فراہمی بدستور کئی ہفتوں سے بند کر رکھی ہے۔

جس کے باعث گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنوں سے لینڈ فل سائیڈز تک کچرا پھینکنے کا عمل ابھی بھی بیشتر علاقوں میں مکمل طور پر بند ہے، کالعدم ضلعی اداروں کے افسران نے بتایا کہ آکٹرائے ضلع ٹیکس کے شیئرز کے ذریعے بہ مشکل تمام ملازمین کی تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں