سندھ میں کفایت شعاری اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ، ورک فرام ہوم پر عملدرآمد کیلیے کمیٹی تشکیل

موجودہ حالات کے پیش نظر حکومت سندھ وسائل کے محتاط استعمال کو یقینی بنا رہی ہے، شرجیل انعام میمن


ویب ڈیسک March 12, 2026
فوٹو ایکسپریس

حکومت سندھ نے توانائی کے ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے  کے  لئے کفایت شعاری اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کفایت شعاری اور توانائی چلینج سے نمٹنے کیلیے سرکاری افسران کو فراہم کیے جانے والے فیول میں 50 فیصد کمی اور سرکاری گاڑیوں کا 60 فیصد حصہ گراؤنڈ کرنے کی ہدایات کردی۔

کفایت شعاری کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ آپریشنل وہیکلز، پولیس موبائل، ایمبولنسز، فائر برگیڈ  اور دیگر ضروری گاڑیاں اس پابندی سے مستثنیٰ  ہوں گی۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت قائم کفایت شعاری کمیٹی کے اہم اجلاس میں صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، ضیاء  الحسن لنجار اور مکیش کمار چاولہ سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں توانائی کے مؤثر استعمال، سرکاری اخراجات میں کمی، عوامی خدمات کی فراہمی کو متاثر کیے بغیر وسائل کے بہتر انتظام اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ بلدیاتی اداروں کی گاڑیوں کے ایندھن میں بھی 50 فیصد کمی کی جائے گی جبکہ ایندھن کے غیر ضروری استعمال کو روکنے کے لئے سرکاری گاڑیوں کا 60 فیصد حصہ فوری طور پر گراؤنڈ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن (جی اے) کو سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ کرنے کے اختیارات دے دیے گئے جبکہ کفایت شعاری کمیٹی کی جانب سے سیکریٹری جی اے کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش  کرنے کی ہدایات بھی کی گئی۔

اجلاس میں گراؤنڈ کی جانے والی گاڑیوں کے نمبرز اور دیگر تفصیلات جمع کرنے کے لئے  ایک باقاعدہ پروفارما تیار کرنے کا بھی فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ یہ طے پایا کہ اگر کوئی محکمہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرے گا تو متعلقہ گاڑی کو تحویل میں لیا جائے گا۔

اجلاس میں اقدامات پر عمل درآمد کی نگرانی اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی  سیکریٹری جی اے اور سیکریٹری ایکسائز پر مشتمل ایک مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی گئی جو گراؤنڈ ہونے والی گاڑیوں کی مکمل فہرست بھی مرتب کرے گی۔

اجلاس میں حکومتی منصوبوں کے لیے مختص گاڑیوں (پروجیکٹ وہیکلز) کی چھان بین اور ان کی ریکوری کے لیے بھی طریقہ کار پر غور کیا گیا جبکہ تمام پروجیکٹ وہیکلز کی تفصیلات حاصل کر کے انہیں جلد از جلد ریکور کیا جائے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اس کے علاوہ کمیٹی نے جمعے کے روز ورک فرام ہوم فیصلے اور چار دن معمول کے مطابق کام کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا فیصلہ بھی کیا جبکہ فیصلہ کای گیا کہ صوبے بھر کے اسکول 16 مارچ سے 31 مارچ تک بند رکھنے اور امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے اور انہیں ملتوی نہیں کیا جائے گا۔

سینئر صوبائی وزیر برائے اطلاعات و نشریات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر حکومت سندھ وسائل کے محتاط استعمال کو یقینی بنا رہی ہے، ان فیصلوں کا مقصد عوامی خدمات کی فراہمی متاثر ہوئے بغیر توانائی کے استعمال میں کمی  لانا ہے۔

انہوں نے واضح ہدایت کی کہ تمام محکموں کو کفایت شعاری کے ان اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہوگا۔

مقبول خبریں