گلوکار عمیر جسوال کی ایک انسٹا اسٹوری سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس پر صارفین کا کہنا ہے کہ عمیر جیسوال نے اس اسٹوری کے ذریعے اپنی سابقہ اہلیہ ثنا جاوید کی طرف اشارہ کیا ہے۔
عمیر جسوال ایک باصلاحیت پاکستانی گلوکار، موسیقار اور اداکار ہیں جو اپنی ہمہ جہت صلاحیتوں کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔
انہوں نے ٹی وی پر کئی یادگار پرفارمنسز دی ہیں، جن میں کوک اسٹوڈیو کے مشہور گانے ’چرخہ نو لکھا‘ اور ’سمی میری وار‘ شامل ہیں۔

عمیر جیسوال نے اداکاری کی دنیا میں بھی اپنے جوہر دکھائے ہیں، وہ ’مور محل‘ اور ’یلغار‘ جیسے پراجیکٹ میں نظر آچکے ہیں۔
سال 2020 میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران عمیر جیسوال اور اداکارہ ثنا جاوید نے ایک سادہ تقریب میں شادی کی تھی، جس کے بعد یہ جوڑا کئی تقریبات میں ایک ساتھ نظر آیا۔

تاہم دونوں کے درمیان تقریباً ایک سال تک خاموشی کے بعد جنوری 2024 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید نے اپنی شادی کا اعلان کر دیا۔
جس نے مداحوں کو حیران کر دیا کیونکہ بظاہر وہ اس وقت بھی اپنے اپنے شریکِ حیات کے ساتھ تھے۔

اس اعلان کے بعد شعیب ملک اور ثنا جاوید دونوں پر بے وفائی کے الزامات لگائے گئے، ممکنہ طور پر جن کی طرف حال ہی میں عمیر جیسوال نے اشارہ کیا ہے۔
عمیر جسوال نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر بے وفائی کرنے والے ساتھیوں کے بارے میں ایک معنی خیز پیغام شیئر کیا جس میں لکھا کہ معذرت، اگر آپ اپنے پارٹنر کے ساتھ دھوکا کرتے ہیں تو آپ ہمارے ساتھ نہیں رہ سکتے اور 2026 میں ہمیں اسی رویے کو معمول بنانا چاہیے۔
مداح بھی ان کی پوسٹ سے اتفاق کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ایسا ہی ہونا چاہیے۔
صارفین کے مطابق بے وفائی کی ہر سطح پر مذمت ہونی چاہیے کیونکہ یہ ناقابلِ قبول عمل ہے، اور لوگوں کو درست مؤقف اختیار کرتے ہوئے ایسے افراد سے دوری اختیار کرنی چاہیے۔