حکومت کی جانب سے عمران خان اورطاہرالقادری سے مذاکرات کیلئے کمیٹیاں بنائے جانے کا امکان

شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزار نے تجاویز پیش کیں


ویب ڈیسک August 17, 2014
عمران خان اورطاہرالقادری سے بنائی جانےوالی کمیٹیوں میں دیگر پارلیمانی جماعتوں کے اراکین کو بھی شامل کرنے کی تجویز دی گئی فوٹو:آن لائن

موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر وفاقی وزرا نے حکومت کو عمران خان اور طاہرالقادری سے مذاکرات کیلئے علیحدہ علیحدہ کمیٹیاں بنانے کی تجویز دے دی ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رائے ونڈ میں وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اسلام آباد پہنچے جہاں ان کی زیر صدارت سیاسی صورحال اور اپوزیشن سے رابطوں پر مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا چوہدری نثار،خواجہ آصف،پرویز رشید اور احسن اقبال سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں عمران خان اور طاہرالقادری کے دھرنوں اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور اس پر وفاقی وزرا کی جانب سے مرتب کی گئی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا اور دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے عمران خان اور طاہرالقادری سے مذاکرات کے لئے علیحدہ علیحدہ کمیٹیاں بنانے کی تجویز دی گئی جبکہ کمیٹیوں میں دیگر پارلیمانی جماعتوں کے اراکین کو بھی شامل کرنے کی تجویز دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے وزیراعظم نواز شریف کے اسلام آباد پہنچنے پر ان کو تجاویز سے آگاہ کیا جائے گا اور وزیراعظم سے ان کی منظوری بھی لی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں عمران خان اور طاہرالقادری سے بات چیت پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپوزیشن سے رابطے تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں