غزہ تباہ ہورہا ہے اوراسلامی ممالک خاموش بیٹھے ہیں امیر جماعت اسلامی

سب سے زیادہ وسائل عالم اسلام کے پاس ہیں لیکن سب سے زیادہ مسائل کا شکار مسلم ممالک ہیں، سراج الحق

اگر ہمارے نوجوانوں کو غزہ جانے کی اجازت دے دی جائے تو وہ جانے کے لئے تیار ہیں،سراج الحق فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ عالم اسلام کے پاس 70 لاکھ افواج ہے اس کے باوجود غزہ تباہ ہورہا ہے اور اسلامی ممالک خاموش بیٹھے ہیں۔



کراچی میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ ''غزہ ملین مارچ'' سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان چند پہاڑوں اور صوبوں کا نام نہیں بلکہ ایک نظریئے اور فلسفے کا نام ہے، آرمی چیف ملک کے نظریئے اور فلسفے کے لئے کام کریں، اگر ہمارے نوجوانوں کو غزہ جانے کی اجازت دے دی جائے تو وہ جانے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی صورتحال پر دل پریشان ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر اختلافات دور کرنے کی کوشش کی لیکن مجھے کہا گیا کہ آپ کس کے ایلچی ہیں جبکہ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف اسلام آباد میں مورچہ زن ہیں۔


امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا بیت المقدس پر یہودیوں کا قبضہ کسی صورت قبول نہیں، فلسطین جل رہا ہے اور غزہ کے نوجوان شہید ہورہے ہیں،قبلہ اول کی آزادی کے لئے فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں، غزہ کی صورتحال پرآج تک اوآئی سی کااجلاس نہیں بلایاگیا،عالم اسلام کا حقیقی ایجنڈ قبلہ اول کی آزادی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ وسائل عالم اسلام کے پاس ہیں لیکن سب سے زیادہ مسائل کا شکار مسلم ممالک ہیں،، مسلم امہ بیت المقدس کی آزادی کے لئے جانیں بھی دینے کو تیار ہے۔

Load Next Story