اوول ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو اننگز اور 244 رنز سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی

بھارت کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 148 اور دوسری اننگز میں 94 رنز بنا سکی جبکہ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 486 رنز بنائے


ویب ڈیسک August 17, 2014
شاندار 149 رنز بنانے والے جوئے روٹ کو مین آف دی میچ جبکہ جیمس انڈریشن اور بھونیشور کمار کو مشترکہ طور پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فوٹو؛ اے ایف پی

CHITTAGONG:

انگلینڈ نے اوول ٹیسٹ میں بھارت کو اننگز اور 244 رنز سے عبرتناک شکست دیے کر 5 میچز پر مشتمل سیریز 1-3 سے اپنے نام کرلی جب کہ ایک میچ ہارجیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا۔


لندن کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں بھارتی ٹیم نے تیسرے روز ہی انگلش ٹیم کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے، تیسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو انگلش بلے باز جوئے روٹ 92 اور کرس جورڈن 19 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، مہمان ٹیم کی بولنگ انگلش بلے بازوں کا کچھ نہ بگاڑ سکی اور پہلی اننگز میں انگلش ٹیم نے جوئے روٹ کے 149 رنز کی بدولت پہاڑ جیسے 486 رنز بنا کر مہمان ٹیم پر 338 رنز کی برتری حاصل کی۔ جواب میں بھارتی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار رہی اور کوئی بلے باز وکٹ پر اعتماد سے نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 94 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔


مہمان ٹیم کے ابتدائی دونوں بلے باز 9 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، گوتم گمبیر 3 اور مورالی وجے 2 رنز بنا سکے جبکہ مجموعی طور پر 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے، چیتشور پجارا 11، ویرات کوہلی 20، اجنکا ریہانے 4، روی چندر ایشونت 7، بھونیشور کمار 4، ورون ارون ایک ، ایشانت شرما 2 رنز بنا سکے جبکہ کپتان دھونی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس جورڈن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیمس انڈریسن 2، اسٹراٹ براڈ اور کرس ووکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


اوول ٹیسٹ میں شاندار 149 رنز بنانے والے جوئے روٹ کو مین آف دی میچ جبکہ جیمس انڈریشن اور بھونیشور کمار کو مشترکہ طور پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔