پشاور میں انتظامیہ کی جانب سے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے اہم اقدامات

احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور 30 دن تک مؤثر رہیں گے


ویب ڈیسک March 16, 2026

صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے اہم اقدامات کیے جارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے پشاور میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

دفعہ 144 رمضان المبارک اور عیدالفطر کے موقع پر عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے لگائی گئی ہیں۔

دفعہ 144 کے تحت اسلحہ اور گولہ بارود کی نمائش یا ہوائی فائرنگ پر پابندی اور آتش بازی اور پٹاخوں کی خرید و فروخت اور نمائش پر پابندی ہوگی۔

اس کے علاوہ ون ویلنگ، تیز رفتاری اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، کشتیوں میں اوورلوڈنگ اور تفریحی پارکس میں غیر محفوظ رائیڈز اور ڈیموں اور دریاؤں میں لائف جیکٹ کے بغیر نہانے یا تیراکی پر پابندی ہوگی۔

مزید برآں ڈبل یا ہیوی سائلنسر والی ہیوی بائیکس اور اسپورٹس گاڑیوں کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 پی پی سی کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور 30 دن تک مؤثر رہیں گے۔ عوام سے اپیل ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

مقبول خبریں