پی ایس ایل 11؛ پشاور زلمی نے اہم غیرملکی کھلاڑی سائن کر لیا

فرنچائز کی جانب سے اس اہم پیش رفت کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے کیا گیا


ویب ڈیسک March 17, 2026

پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن سے قبل بنگلا دیش کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر شرف الاسلام کو براہ راست سائن کر لیا ہے۔

فرنچائز کی جانب سے اس اہم پیش رفت کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے کیا گیا جہاں شرف الاسلام کو زلمی کی جرسی میں پیش کیا گیا۔ ٹیم نے اپنے پیغام میں کہا کہ شرف الاسلام کی شمولیت سے اسکواڈ مزید مضبوط ہو گیا ہے۔

شرف الاسلام نے 2021 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا اور اس کے بعد سے وہ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔ اب تک وہ 14 ٹیسٹ، 40 ایک روزہ اور 69 ٹی ٹوئنٹی میچز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں شرف الاسلام کو خاص مہارت حاصل ہے جہاں وہ 156 میچز میں 195 وکٹیں لے چکے ہیں جو ان کی تجربہ کاری اور کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔

پشاور زلمی کی انتظامیہ کو امید ہے کہ شرف الاسلام کی شمولیت ٹیم کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے گی اور وہ آنے والے سیزن میں نمایاں نتائج دے سکیں گے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کا گیارہواں ایڈیشن 26 مارچ سے 3 مئی تک کھیلا جائے گا اور یہ شرف الاسلام کی لیگ میں پہلی شرکت ہو گی جبکہ زلمی اپنی مہم کا آغاز 28 مارچ کو پنڈیز کے خلاف عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں کرے گی۔

 

مقبول خبریں