ایران جنگ؛ ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور حساس ادارے کے ڈائریکٹر نے استعفیٰ دیدیا

ایران نے امریکا کے لیے کوئی فوری خطرہ پیدا نہیں کیا تھا، جو کینٹ


ویب ڈیسک March 17, 2026
صدر ٹرمپ کے قریبی ساتھی نے ایران جنگ پر استعفیٰ دیدیا

امریکا کے انسداد دہشت گردی سینٹر کے ڈائریکٹر جو کینٹ نے ایران جنگ کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے انسداد دہشت گردی سینٹر کے ڈائریکٹر جو کینٹ نے ایران کے خلاف جاری جنگ میں مزید شامل ہونے سے انکار کردیا۔

انسداد دہشت گردی سینٹر کے ڈائریکٹر جو کینٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر استعفے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے ضمیر کے خلاف جا کر ایران میں جاری جنگ کی حمایت نہیں کر سکتا۔

جو کینٹ نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگیں امریکی جوانوں کی جانیں اور ملک کی دولت و خوشحالی دونوں کو متاثر کرتی ہیں، اور موجودہ حالات میں وہ اگلی نسل کو ایسے خطرات میں دھکیلنے کے حق میں نہیں ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ وہ ان اقدار اور خارجہ پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں جو صدر ٹرمپ نے 2016، 2020 اور 2024 کی انتخابی مہموں کے دوران پیش کیں اور اپنی صدارت کے ابتدائی دور میں نافذ کیں لیکن موجودہ ایران جنگ کے تناظر میں وہ اس کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔

انھوں نے وضاحت کی کہ ایران نے امریکا کے لیے کوئی فوری خطرہ پیدا نہیں کیا تھا اور موجودہ جنگ اسرائیل اور امریکی لابی کے دباؤ کے تحت شروع کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ جو کینٹ کو اس عہدے کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نامزد کیا تھا اور امریکی سینیٹ نے جولائی 2025 میں ان کی تقرری کی منظوری دی تھی۔

جو کینٹ نے بتایا کہ وہ ایک تجربہ کار فوجی ہیں جو گیارہ بار محاذ جنگ پر جا چکے ہیں۔ انھوں نے اپنی شریک حیات کو اسرائیل میں جاری جنگ میں کھو دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسی جنگ کی حمایت نہیں کر سکتے جس کا امریکی عوام کے لیے کوئی فائدہ نہ ہو اور جس کی قیمت امریکی جوانوں کی جانوں سے ادا کی جائے۔

 

مقبول خبریں