اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹک ٹاکر و یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم نانی والا کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کی درخواستوں پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، عدالت نے سماعت 26 مارچ تک ملتوی کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹک ٹاکر و یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم نانی والا کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کی درخواستوں پرسماعت ہوئی۔
جسٹس اعظم خان نے دونوں کی درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزاروکلا بیرسٹر راجہ قدیر جنجوعہ اوراحد کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت سرکار کی جانب سے جواب جمع نہ کرایا جاسکا اور مہلت کی استدعا کی گئی۔
وکیل قدیر جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ سفری پابندی کی وجہ سے ویزے ختم ہورہے ہیں جس پر فاضل جج نے پوچھا کہ ویزے کب ختم ہو رہے ہیں؟
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ ایک کا مارچ میں ہی ختم ہوجائے گا اوردوسرے کا بعد میں ہوگا۔
عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ ان کے ویزے ختم ہو رہے ہیں، جواب جمع کیوں نہیں کرایا جس پر سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ عید کے بعد کی تاریخ دے دیں، جواب جمع کرادیں گے۔
جسٹس محمد اعظم خان نے ریمارکس دیے کہ ویزے ختم ہونے کا مسئلہ ہے، عید کے فوری بعد سماعت کریں گے، عدالت نے سماعت 26 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی۔