عید الفطر کے موقع پر پاکستان میں فہد مصطفیٰ ، مائرہ خان اور تابش ہاشمی کی ’آگ لگی بستی میں‘ سمیت دیگر فلمیں ریلیز ہوں گی۔
پاکستانی شائقین کو اس عید الفطر پر ٹی وی اسکرینز اور سینما گھروں میں بھرپور تفریح دیکھنے کو ملے گی۔
گزشتہ چند سالوں میں پاکستان کی فلم انڈسٹری مشکلات کا شکار رہی ہے، خاص طور پر کورونا کے بعد فلموں کی بحالی ایک بار پھر متاثر ہوئی اور شائقین نئی فلموں کے انتظار میں رہے۔
تاہم اس سال عیدالفطر 2026 پر صورتحال بدلتی نظر آ رہی ہے، کیونکہ نئی فلمیں سینما گھروں میں ریلیز ہوں گی اور ساتھ ہی کچھ بڑی پاکستانی فلموں کے ورلڈ ٹیلی ویژن پریمیئرز بھی دیکھنے کو ملیں گے۔
سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی فلمیں
’آگ لگتی بستی میں‘
نامور اداکار ومیزبان فہد مصطفیٰ اور مائرہ خان اس عید پر بڑی اسکرین پر نظر آئیں گے، یہ فلم ایک کامیڈی ایکشن فلم ہے جس میں لیجنڈری اداکار جاوید شیخ بھی شامل ہیں۔
معروف کامیڈین تابش ہاشمی بھی اس فلم سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں، فلم کی بھرپور تشہیر کی گئی ہے اور اب اس سے باکس آفس پر بڑی کامیابی کی امید کی جا رہی ہے۔
’بلھا‘
یہ فلم بھی عیدالفطر 2026 پر ریلیز ہوگی، جس کے ذریعے شان شاہد سلور اسکرین پر واپسی کر رہے ہیں، اس فلم میں وہ ایک ایسے کردار میں نظر آئیں گے جو مظلوموں کو انصاف دلانے کے لیے جدوجہد کرتا ہے۔
’دہلی گیٹ‘
یہ بھی ایک بڑی پاکستانی فلم ہے جو اس عید پر سینما گھروں کی زینت بنے گی جس میں جاوید شیخ، شمعون عباسی، یاسر خان اور روما مائیکل سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
ٹی وی پر پریمیئر ہونے والی بڑی فلمیں:
’لو گرو‘
ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی فلم گزشتہ سال عید پر ریلیز ہوئی تھی اور اب اس کا پریمیئر عیدالفطر کے موقع پر ہوگا۔ یہ ایک رومانوی کامیڈی فلم ہے جسے ناظرین فیملی کے ساتھ انجوائے کریں گے۔

’نیلوفر‘
اس فلم کے ذریعے فواد خان نے بڑے پردے پر واپسی کی تھی، اگرچہ یہ باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہ ہو سکی، لیکن اب ناظرین اسے ٹی وی پر دیکھ سکیں گے، یہ فلم فواد خان اور ماہرہ خان کے مداحوں کے لیے خاص تحفہ ہوگی۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘
یہ پاکستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے، جس میں فواد خان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان اور ہمائمہ ملک نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، اس فلم کا بھی عیدالفطر پر ورلڈ ٹی وی پریمیئر کیا جائے گا۔
