اربوں روپے کی کرپشن اور لوٹ مار ہو رہی ہے، کسی کو پروا نہیں، سندھ ہائیکورٹ

حکومت کفایت شعاری کی کوشش کررہی ہے اور یہاں اربوں روپے ہڑپ کیے جا رہے ہیں، عدالت


کورٹ رپورٹر March 18, 2026

کراچی:

سندھ ہائی کورٹ نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ اربوں روپے کی کرپشن اور لوٹ مار ہو رہی ہے، کسی کو پروا ہی نہیں۔

محکمہ لیبر میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کی گورننگ باڈی کی تشکیل کے خلاف درخواست پر سماعت سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے  کی، جہاں سرکاری وکیل نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی جس پر عدالت نے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ سکھر ہائیکورٹ نے ورکرز ویلفیئر میں مبینہ کرپشن سے متعلق انکوائری کا حکم دیا تھا، اس کا اب تک کیا بنا؟۔

ایڈیشنل اٹارنی  جنرل نے عدالتی استفسار پر بتایا کہ اربوں روپے کی کرپشن کی انکوائری چل رہی ہے۔ 8 ارب روپے کرپشن کی انکوائری چل رہی ہے۔ جسٹس عدنان کریم میمن نے کہا کہ یہ تو بہت بڑی رقم ہے، ہمیں تو بتایا جاتا ہے پاکستان غریب ملک ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نثار وارثی نے مؤقف اختیار کیا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کا کام مزدروں کی فلاح و بہبود کے فیصلے کرنا ہے۔ بورڈ میں 4 مزدور نمائندے بھی شامل کرنے تھے  لیکن مزدوروں کی جگہ بینک ملازم ایگریکلچر ملازم شامل کیے گئے۔

مزدور یونین کے وکیل نے عدالت میں بتایا کہ ملازمین کی انشورنس کی مد میں جاری کردہ 8 ارب روپے  کی رقم میں خورد برد ہوئی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ حکومت تو کفایت شعاری کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ لیکن یہاں تو اربوں روپے ہڑپ کیے جا رہے ہیں۔ کسی کو کوئی پروا تک نہیں ہے۔  عدالتوں کو کہا گیا کہ جمعے کے روز بھی بند کریں، جہاں سے انصاف ملنا تھا وہاں بھی ایک دن  کم کیا گیا۔  

مقبول خبریں