لاہور: نوسرباز نے بیٹے کا دوست بن کر معمر خاتون سے جیولری چھین لی، ویڈیو سامنے آگئی

ملزم غضنفر چوری، ڈکیتی سمیت دیگر مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے، پولیس


ویب ڈیسک March 24, 2026

لاہور:

لاہور کے علاقے غالب مارکیٹ میں معمر خاتون سے جیولری چھین کر فرار ہونے والے ملزم کو پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے سرگودھا سے گرفتار کرلیا۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن جہانداد اکرم کے مطابق ملزم خاتون کے پاس اس کے بیٹے کا دوست بن کر آیا اور باتوں میں لگا کر اسے ورغلاتا رہا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو خاتون سے گفتگو کرتے اور بعد ازاں واردات کرتے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم بہانے سے بزرگ خاتون کی جیولری لے کر موقع سے فرار ہوگیا تھا جبکہ ایک اور فوٹیج میں اسے واردات کے بعد فرار ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ایس پی جہانداد اکرم کا کہنا ہے کہ ملزم جیولری فروخت کرنے کے بعد اپنے آبائی گاؤں فرار ہو گیا تھا، تاہم جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی کی مدد سے اسے سرگودھا سے گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم غضنفر چوری، ڈکیتی سمیت دیگر مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے۔ ملزم سے نقدی بھی برآمد کر لی گئی ہے جبکہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔

 

مقبول خبریں