شہید علی لاریجانی کی جگہ تعینات ہونے والے محمد باقر ذوالقدر کون ہیں ؟

علی لاریجانی امریکی حملے میں بیٹے سمیت شہید ہوگئے تھے


ویب ڈیسک March 24, 2026
علی لاریجانی شہید کی جگہ محمد باقر ذوالقدر کو مقرر کردیا گیا

گزشتہ ہفتے امریکی حملے میں شہید ہونے والے ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی کی جگہ محمد باقر ذوالقدر کو نیا سیکریٹری مقرر کر دیا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق علی لاریجانی کی جگہ محمد باقر ذوالقدر کی نامزدگی کی توثیق سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے بھی کردی۔

خیال رہے کہ یہ تقرری ایک نہایت حساس وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران کو اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔

ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل ملک کی اعلیٰ ترین دفاعی اور سیکیورٹی پالیسی سازی کا ادارہ ہے، جس کا سیکریٹری انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

محمد باقر ذوالقدر کون ہیں؟

محمد باقر ذوالقدر ایران کے بااثر سیکیورٹی اور عسکری حلقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ ماضی میں اسلامی انقلابی گارڈ کور کے اہم کمانڈر رہ چکے ہیں اور کئی کلیدی عہدوں پر فائز رہے ہیں۔

محمد باقر ذوالقدر نے پاسداران انقلاب کے جوائنٹ اسٹاف کے سربراہ، نائب کمانڈر ان چیف، وزارت داخلہ میں سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے امور کے نائب سربراہ اور 8 سال تک عدلیہ میں اسٹریٹجک امور کے نائب سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی حملے میں شہید ہونے والی علی لاریجانی کا شمار ایران کے سینئر سیاستدانوں میں ہوتا تھا اور وہ ماضی میں پارلیمنٹ کے اسپیکر سمیت کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے تھے۔

آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد علی لاریجانی نے امریکا کے خلاف شدید ردعمل ظاہر کیا تھا اور وہ صدر ٹرمپ پر کھلی اور بے باک تنقید کرنے والے ایران کے سب سے بڑے رہنما بن گئے تھے۔

علی لاریجانی کو امریکا نے ایک فلیٹ میں نشانہ بنایا جو ان کی بیٹی کا تھا اور وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ وہاں پہنچے تھے۔ ان کی شہادت کے بعد اس عہدے پر نئی تقرری کو ایران کی پالیسی کی سمت کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

 

مقبول خبریں