ایشیائی ترقیاتی بینک کا مشرق وسطیٰ تنازع سے متاثرہ ممالک کیلئے امدادی پیکیج کی فراہمی کا اعلان

یہ اقدام ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے میں غیریقینی عالمی حالات کے دوران  اے ڈی بی کے مؤثر کردار کا تسلسل ہے، اے ڈی بی


ارشاد انصاری March 24, 2026
فوٹو فائل

اسلام آباد:

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث پیدا ہونے والے معاشی و مالی اثرات سے نمٹنے کے لیے اپنے ترقی پذیر رکن ممالک کو ایک جامع مالی امدادی پیکج فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق  اے ڈی بی نے اعلان کیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث پیدا ہونے والے معاشی و مالی اثرات سے نمٹنے کے لیے اپنے ترقی پذیر رکن ممالک کو ایک جامع مالی امدادی پیکج فراہم کرے گا۔

اے ڈی بی کے صدر مساتو کاندا نے کہا ہے کہ بینک فوری، لچکدار اور مؤثر مالی معاونت فراہم کرے گا تاکہ متاثرہ ممالک کو درپیش ہنگامی دباؤ کا مقابلہ کرنے اور طویل المدتی معاشی استحکام یقینی بنانے میں مدد مل سکے اور اس ضمن میں تیز رفتار بجٹ سپورٹ، تجارتی اور سپلائی چین فنانسنگ کے ذریعے ضروری اشیا، خصوصاً تیل کی درآمد یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے میں غیریقینی عالمی حالات کے دوران  اے ڈی بی کے مؤثر کردار کا تسلسل ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے علامیے کے مطابق اس کے پاس موجود وسائل نہ صرف جاری اور منصوبہ بند منصوبوں کے تحفظ کے لیے کافی ہیں بلکہ ضرورت کے مطابق ہنگامی امداد میں اضافے کی بھی گنجائش موجود ہے، جس کے لیے کاؤنٹر سائیکلیکل لینڈنگ بفر کو بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اے ڈی بی عالمی منڈی کی صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، خاص طور پر توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، افراط زر کے دباؤ اور بیرونی مالیاتی توازن پر ممکنہ اثرات کے تناظر مییں اے ڈی بی کے تازہ تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ شپنگ روٹس میں خلل کے باعث لاگت اور ترسیل کے دورانیے میں اضافہ ہو چکا ہے جبکہ سپلائی کے خطرات صرف توانائی تک محدود نہیں بلکہ پیٹروکیمیکلز اور کھاد جیسے اہم صنعتی اجزا تک پھیل چکے ہیں، جس کے زراعت اور خوراک کی پیداوار پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں اور سیاحت اور ترسیلات زر پر انحصار کرنے والی معیشتیں بھی ان حالات میں مزید دباؤ کا شکار ہیں۔

مزید برآں، اس تنازع کے باعث خطے میں مالیاتی غیر یقینی صورت حال بڑھ رہی ہے، جس سے کرنسیوں اور سرمایہ کے بہاؤ پر دباؤ پڑ رہا ہے اور اس صورت حال کے پیش نظر اے ڈی بی بروقت مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ رکن ممالک خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں، معاشی استحکام برقرار رکھیں اور کمزور طبقات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اے ڈی بی کے مطابق اس امدادی پیکج کے دو بنیادی حصے ہیں، پہلا فوری طور پر فراہم کی جانے والی بجٹ امداد ہے، جس کے تحت کاؤنٹر سائیکلیکل سپورٹ فیسلٹی کے ذریعے حکومتوں کو مالی دباؤ کم کرنے اور عوام کے روزگار و معیار زندگی پر منفی اثرات کم کرنے میں مدد دی جائے گی اور دوسرا اہم جزو اے ڈی بی کا ٹریڈ اینڈ سپلائی چین فنانس پروگرام(ٹی ایس سی ایف پی) ہے جس کے تحت نجی شعبے کی معاونت سے توانائی اور خوراک سمیت ضروری درآمدات کے تسلسل کو یقینی بنایا جائے گا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے اس پروگرام کے تحت محدود مدت کے لیے خصوصی بنیادوں پر تیل کی درآمدات کی مالی معاونت بحال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے کیونکہ تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے اور سپلائی چین میں رکاوٹوں نے خطے کی معیشتوں اور عوام کو شدید متاثر کیا ہے۔

 اے ڈی بی نے شدید متاثرہ رکن ممالک کے ساتھ فوری امداد کے امکانات پر مشاورت شروع کر دی ہے اور وہ حکومتوں، ترقیاتی شراکت داروں اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنائے گا تاکہ معاشی استحکام برقرار رکھا جاسکے اور غریب و کمزور طبقات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مقبول خبریں