کراچی میں فینسی نمبر پلیٹس والی موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ

شہر میں 30 مارچ سےفینسی، پرائیویٹ اور غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جائیگا، کراچی پولیس چیف


شاہ میر خان March 24, 2026
ٹریفک پولیس نے ایک لاکھ 90 ہزار چالان کیے اسکے باوجود شہری موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ نہیں پہنتے،ایس ایس پی ٹریفک جنوبی۔ فوٹو : آن لائن

کراچی پولیس نے فینسی اور غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کیخلاف 30 مارچ سے سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان کراچی پولیس چیف کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایات پر 30 مارچ سے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

ترجمان کراچی پولیس چیف کی جانب سے جاری بیان میں شہریوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں پر حکومت کی منظور شدہ نمبر پلیٹس لازمی طور پر نصب کریں، پرائیویٹ، فینسی یا غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس کا استعمال قانوناً ممنوع ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جعلی نمبر پلیٹس سے نہ صرف شناخت میں مشکلات پیش آتی ہیں بلکہ سیکیورٹی خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق شہر میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے 30 مارچ 2026 سے پولیس کی جانب سے باقاعدہ کریک ڈاؤن مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے دوران پرائیویٹ /فینسی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کراچی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے فوراً اپنی چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس درست کروا لیں اور صرف سرکاری نمبر پلیٹس ہی استعمال کریں۔

مقبول خبریں