ڈالمیا میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی ملزم ہلاک ایس ایچ او زخمی

ملزمان کی فائرنگ سے ایس ایچ او عزیز بھٹی صفدر مشوانی بازو میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے

ڈی ایس پی ناصر لودھی نے بتایا کہ ہلاک ہونیوالا ملزم قتل،اقدام قتل ،بھتہ خوری ،اغوا برائے تاوان اورزیادتی سمیت دیگر جرائم میں ملوث اور اشتہاری ملزم تھا۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
ڈالمیا میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

جس سے ایس ایچ او عزیزبھٹی زخمی ہوگیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے قتل اور بھتہ خوری سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث اشتہاری ملزم مارا گیا۔

پولیس نے آپریشن کے دوران اسلحہ برآمد کرلیا ،تفصیلات کے مطابق ڈالمیا میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن کیا،اس دوران پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کے داخلی وخارجی راستے آمدورفت کیلیے بند کردیے اور کسی کوبھی علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔

ایس ڈی پی اونیوٹائون ڈی ایس پی ناصر لودھی نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس نے جرائم پیشہ افرادکی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا تھا ،اس دوارن وہاں موجود ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی ۔


ملزمان کی فائرنگ سے ایس ایچ او عزیز بھٹی صفدر مشوانی بازو میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔

پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی جس سے ایک ملزم شکور عرف چکوری شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پراسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے ہی میں ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے ساتھی سہیل ملا ،مجید ،اسحاق ،ستار بلوچ عرف گرنیڈ ،فیروز عرف شیش ناگ اور دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

ناصر لودھی نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونیوالا ملزم قتل،اقدام قتل ،بھتہ خوری ،اغوا برائے تاوان اورزیادتی سمیت دیگر جرائم میں ملوث اور اشتہاری ملزم تھا۔

انھوں نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے کلاشنکوف ،2دستی بم ،2 پستول اور متعدد رائونڈز برآمد کرلیے گئے ،عزیز بھٹی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اوراس کے ساتھیوں کا تعلق گینگ وار سے ہے ، مفرور ملزمان کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں ۔
Load Next Story