توہین عدالت کی کارروائی میں فردِ جرم سے قبل ابتدائی سماعت لازمی قرار

سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کے سنگل اور ڈویژنل بنچ کے احکامات کالعدم قرار دے دیے


ویب ڈیسک March 25, 2026

سپریم کورٹ نے کہا ہے توہین عدالت کی کارروائی میں فردِ جرم سے قبل ابتدائی سماعت لازمی ہے۔

سپریم کورٹ نے توہین عدالت کی کارروائی سے متعلق اہم فیصلہ جاری کردیا، سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کے سنگل اور ڈویژنل بنچ کے احکامات کالعدم قرار دے دیے۔

عدالت عظمیٰ نے ہائی کورٹ کو قانون کے مطابق دوبارہ کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کر دی، جسٹس محمد علی مظہر نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا مبینہ توہین کنندہ کو ابتدائی سماعت میں صفائی کا موقع دینا لازمی قانونی تقاضا ہے، سنگل بینچ نے ابتدائی سماعت کا موقع دیے بغیر براہِ راست فردِ جرم کی تاریخ مقرر کی۔

ہائی کورٹ کے ڈویژنل بنچ نے بھی قانونی قانونی سقم کو نظر انداز کیا،عدالت ابتدائی سماعت کے بعد مطمئن ہو تو ہی فردِ جرم عائد کر سکتی ہے۔

توہین عدالت کی درخواست ہائی کورٹ میں زیر التوا رہے گی.سول کیس میں عدالتی حکم کی مبینہ خلاف ورزی پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔

ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے ضابطے کی کارروائی مکمل کیے بغیر فردِ جرم کے لیے تاریخ مقرر کر دی.درخواست گزار نے سنگل بنچ کے فیصلے کو ہائی کورٹ کے ڈویژنل بنچ میں چیلنج کیا۔

ڈویژنل بینچ نے قانونی سقم دور کرنے کے بجائے اپیل نمٹا کر فریقین کو دوبارہ سنگل بنچ بھیج دیا، سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے دونوں بنچز کے طریقہ کار کو قانون کی غلط تشریح قرار دیا۔

مقبول خبریں